بھارت کیخلاف چھٹی سنچری سنگاکارا پونٹنگ کے ہم پلہ

اجنتھا مینڈس ایشیا کپ میں 20 یا زائد وکٹیں لینے والے چوتھے سری لنکن بولر بن گئے

اجنتھا مینڈس ایشیا کپ میں 20 یا زائد وکٹیں لینے والے چوتھے سری لنکن بولر بن گئے۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

بھارت کیخلاف چھٹی سنچری داغ کر سنگاکارا، رکی پونٹنگ کے ہم پلہ بن گئے، سابق آسٹریلوی کپتان نے بھی حریف بولنگ اٹیک پر حملہ آورہوکر 6مرتبہ تھری فیگر اننگز سجائی تھی، سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے کا اعزاز سابق سری لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا کو حاصل ہے۔

سنگاکارا نے25ویں مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ جیتا، بھارت کیخلاف وہ چوتھی مرتبہ مرد بحران ثابت ہوئے، انھوں نے اپنی مجموعی 18ویں ون ڈے سنچری میں 12 مرتبہ ملک کو فتح سے ہمکنار کرایا،6 مرتبہ ان کی اس کاوش کے باوجود سری لنکا ناکام رہا، سنگاکارا نے بھارت کیخلاف انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے بیٹسمین بنے، ان سے قبل رکی پونٹنگ (4795) اور مہیلا جے وردنے (4340) یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، کوشل پریرا نے بھارت کیخلاف پہلی ففٹی بنائی، ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف 19 باہمی مقابلوں میں یہ سری لنکا کی 10ویں کامیابی رہی، 9 مرتبہ بلو شرٹس فتحیاب رہے ہیں،اجنتھا مینڈس ایشیا کپ میں 20 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے چوتھے سری لنکن بولر بن گئے، انھوں نے یہ کارنامہ بھارت کیخلاف جمعے کو4 وکٹ کی پرفارمنس پیش کرکے انجام دیا۔


ایونٹ میں ان کے مجموعی شکاروں کی تعداد اب 21 ہوگئی، ان سے قبل مرلی دھرن کو 30 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر کا اعزاز حاصل تھا، ہموطن سابق پیسر چمندا واس (23 وکٹیں ) اور سنتھ جے سوریا(22 وکٹوں) کے ساتھ نمایاں ہیں، اجنتھا نے 6 ایشیا کپ میچز میں 9.76 کی اوسط سے 21 وکٹیں اپنے نام کیں، ایونٹ میں ان کی بہترین پرفارمنس 2008 ایڈیشن میں کراچی میں بھارت کیخلاف فائنل میں 13رنز کے عوض 6 وکٹوں کا حصول رہی،اس مقابلے میں بھارتی ٹیم کی ناکامی سے قطع نظر قائم مقام کپتان ویرت کوہلی لگاتار 100ون ڈے میچز کھیلنے والے تیسرے بھارتی بیٹسمین بنے، ان سے قبل سچن ٹنڈولکر اور سابق کپتان اظہر الدین بھی یہ اعزاز پاچکے ہیں، کوہلی نے 48 کی اننگز کھیل کر سری لنکا کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے1500رنز مکمل کرلیے۔

وہ آئی لینڈرز کیخلاف اب تک 35 بین الاقوامی ایک روزہ مقابلوں میں 52.65 کی اوسط سے 1527رنز جوڑچکے ہیں،کوہلی سری لنکا کیخلاف ڈیڑھ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے آٹھویں بھارتی بیٹسمین بنے، شیکردھون نے سری لنکا کیخلاف اپنا بہترین انفرادی اسکور 114 گیندوں پر 94رنز بنایا، یہ ایشیا کپ میں بھی اب تک ان کی بہترین کاوش ہے، وہ ایونٹ میں نروس نائٹیزکا شکار بننے والے پانچویں بھارتی پلیئر ثابت ہوئے، ان سے قبل سچن ٹنڈولکر، اجے جڈیجا، گوتم گمبھیر، محمد اظہرالدین بھی علاقائی ایونٹ میں سنچری کے قریب آکر ہمت ہارچکے ہیں، دھون کی یہ اننگز ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی چھٹی ففٹی شمار ہوئی، سری لنکا کیخلاف یہ ان کا دوسرا ففٹی پلس اسکور رہا۔
Load Next Story