دلہا دلہن نے شادی کی یادگار تصاویر بنوانے کیلئے خود کو آگ لگالی

دلہا اور دلہن نے فوٹو شوٹ کے لیے عروسی لباس پر آگ بھڑکائی اور پھر خوب ساری تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں

اس منفرد فوٹوشوٹ کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں(فائل فوٹو)

شادی کا دن انسان کی زندگی کا سب سے بڑا دن سمجھا جاتا ہے کیونکہ وہ اس کی نئی زندگی کا آغاز ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہر کوئی چاہتا ہے اس کی شادی کا دن بےحد یادگار اور خوبصورت ہو۔
تاہم آج ہم آپ کو ایک ایسے جوڑے کے بارے میں بتانے والے ہیں جس نے اپنی شادی کو کچھ اس طرح یادگار بنایا کہ ہر دیکھنے والا حیرت میں پڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی جوڑے نے شادی کے لیے ایک عجیب وغریب فوٹو شوٹ کا انتخاب کیا اور شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو یادگار اور منفرد بنانے کے لئے خود کو آگ لگا لی۔
دلہا اور دلہن نے فوٹو شوٹ کے لیے عروسی لباس پر آگ بھڑکائی اور پھر خوب ساری تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں جوکہ سوشل میڈیا پر بھی بھرپور وائرل ہو رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہا گیب جیسپ اور ایمبری بیمبر بطور مووی اسٹنٹ کام کرتے ہیں جہاں دونوں کی ملاقات ہوئی اور دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا یہی وجہ ہے کہ ان دونوں کو ایسے حیرت انگیز اسٹنٹس کرنے کی خوب پریکٹس ہے۔


جوڑے نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شادی کو ہمیشہ کے لیے یادگار بنایا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن عروسی لباس پہنے ایک ہاتھ میں گلدستہ لے کر شوہر کا ہاتھ تھامے چلتی ہوئی آرہی ہے جبکہ دلہا کے تھری پیس سوٹ پر بھی آگ ہوئی ہے۔
اس جوڑے کی شادی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بےحد وائرل ہورہی ہے جس کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکےہیں۔
Load Next Story