وزیراعلیٰ پنجاب کا 10 کلو آٹے کا تھیلا 490 روپے کرنے کا اعلان

آٹے پر 17 ارب روپے ماہانہ اور کل 200 ارب روپے کی سبسڈی دیں گے، حمزہ شہباز

ہمارے پاس ایک سال کی گندم کے اسٹاک موجود ہیں، حمزہ شہباز۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف نے آج سے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کرنے کا اعلان کردیا، اور کہا کہ آٹے پر 17 ارب روپے ماہانہ اور مجموعی طور پر 200 ارب روپے کی رعایت دیں گے۔

پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں مولانا معاویہ اعظم، ملک اسد کھوکھر، سید مرتضی حسن، ملک نعمان لنگڑیال سمیت دیگر اتحادیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تقریبا ایک مہینے سے زائد عرصے سے حلف نہ لینے کا تماشا ایوان صدر سے شروع ہوا، عدالتوں کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اور آئین شکنی کی گئی، وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ وہ صدر مملکت کو گورنر کا نام بھجوائے جبکہ صدر اس کی لازمی منظوری دے، پرویز الہی نے اسپیکر ہوتے ہوئے ہمارے اراکین پر اپنے غنڈوں کے ذریعے حملہ کروایا، اور اب وہ آئین کے تحت قائم مقام گورنر کا حلف نہیں لے رہے ، یہ صوبے کی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم ایک لمحہ ضائع کئے بغیر خاردار تاروں کو عبور کرتے ہوئے عوام کی خدمت کے لئے آگے بڑھتے رہیں گے، مجھے کوئی طاقت عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، نواز شریف اور شہباز شریف نے مجھے عوام کی خدمت کا درس دیا ہے، میں اس کی طرح پچھلی حکومت کا رونا رونے نہیں آیا، 4 سال زیادتی کی گئی اور گندم برآمد کروا دی گئی اور عوام پس گئی تو پھر گندم درآمد کی گئی، میں ہر حال میں پنجاب کی عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا، آج سے حکومت پنجاب عوام کے لئے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کر رہی ہے، ہم آٹے پر 17 ارب روپے ماہانہ اور کل 200 ارب روپے کی سبسڈی دیں گے، ہم نے 45 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کر لی ہوئی ہے جس پر انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں، عالمی منڈی میں گندم 500 ڈالر فی ٹن ہے جو 4000 روپے فی من بنتی ہے، ہم نے کسانوں سے 2200 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی ہے، ہمارے پاس ایک سال کی گندم کے اسٹاک موجود ہیں، میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے لیکن ہم عوام کی اپنے وسائل سے خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج یہ سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا رہے ہیں، میں عدلیہ، سیاسی جماعتوں اور عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ پہلے آپ اداروں کو بدنام کرتے ہو اور سفارتی ایکسرسائز کو سازش کہتے ہو، تم نے آئی ایم ایف کی وہ شرائط بھی مان لیں جو اس نے کہی ہی نہیں تھیں، تمہاری وجہ سے روپیہ 40 فیصد گر گیا، ہنستی بڑھتی معیشت کو تباہ کر دیا، اس نے کہا ہے کہ میرے لانگ مارچ میں فوج کے خاندان والے بھی ہوں گے، اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے، یہ فوج کو تقسیم کرنے کی سازش سے پیچھے نہیں ہٹ رہا۔ عوام اس کے بہروپئے کے پیچھے نہ لگیں، یہ لوگ عوام کے ساتھ کھلواڑ کرنے آئے تھے اور کہتے تھے کہ میں آلو ٹماٹر سستا کرنے نہیں آیا، فارن فنڈنگ کیس کو 7 سال ہو گئے لیکن یہ سٹے آرڈر کے پیچھے چھپ رہا ہے، ہمارے خاندان کو نیشنل کرائم ایجنسی نے کلین چٹ دی، لاہور ہائیکورٹ میں نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اعتراف کیا کہ شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے


وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام عمران خان کا کڑی نظر رکھے جو ملک کے ساتھ دشمنی کر رہا ہے، رات 12 بجے عدالت نہ کھلتی تو آج ہم بنانا ریپبلک ہوتے، اداروں اور عوام کو عمران خان کی حرکتوں کا نوٹس لینا ہو گا، اس نے ملکوں کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب کئے ہیں جس کی قیمت دہائیوں تک عوام کو چکانا ہوگی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر کے اس نے تیل پر سبسڈی دے دی اور اس کی وجہ سے آج ڈالر 200 تک پہنچ گیا ہے، انہوں نے کسان کو اپنے دور میں رولا دیا تھا ، یہ لوگ ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، سابق گورنر اور موجودہ صدر نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے تو ایوان صدر کا مکین قوم کا مجرم ہے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ مجھ سے پہلے ایوان وزیراعلی میں ٹرانسفر کے ریٹ فکس تھے، میں نے آئی جی کو کہا ہے کہ نیک ایماندار افسر لگائیں، میں کسی کی سفارش نہیں کروں گا، میں اپنے اتحادیوں سے بھی یہی کہتا ہوں کہ سیاست بعد کی بات ہے لیکن ہم پہلے عوام کو جوابدہ ہیں، صوبے کے تمام ہسپتالوں میں کینسر سمیت تمام ادویات دوبارہ فری دینا شروع کریں گے، انہوں نے ادویات بھی بہت زیادہ مہنگی کر دی ہیں، ہم نے تمام 36 اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنا دی ہیں، جائز منافع ضرور کمائیں لیکن مافیاز کو پالنے کا دور چلا گیا ہے، میں غریب آدمی کے کپڑے اترنے کی اجازت نہیں دوں گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں حالات سے پریشان نہیں ہوں لیکن اس ڈھونگی اور شعبدہ باز کا علاج کرنا ہوگا جو ملکی سالمیت اور بقا پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے، پرویز الہی مگر مجھ کے آنسو نہ روئیں کوئی انتقام نہیں ہو گا لیکن قانون اپنا راستہ ضرور بنائے گا تاکہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو سکے، میرے پورے خاندان کو جیل میں ڈالا گیا لیکن میں انتقام پر یقین نہیں رکھتا، لوڈشیڈنگ کے جن کو ہم نے بوتل میں بند کر دیا تھا لیکن 4 سال تک پلانٹس کی مرمت نہ کی جائے تو اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا ہوگا، شہباز شریف کی کوشش ہےکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم ہو اور یہ کم ہوا بھی ہے، صوبے میں گڈ گورننس لائیں گے، میں نے کہا تھا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن سے ہو گا، ہم اپوزیشن والوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، سابقہ گورنر کا کھیل تماشا چلتا رہے گا کیونکہ یہ ملک اور معیشت کے ساتھ کھلواڑ جاری رکھنا چاہتے ہیں، نیا پاکستان، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں، اس کو اپنی چوریوں کا حساب دینا ہوگا، اس کو اپنے ڈاکے نظر آتے ہیں اس لئے یہ ڈرا ہوا آدمی ہے، تحریک انصاف کا لانگ مارچ نہیں بلکہ خوف مارچ ہے، خوف کہ 4 سال کی چوری کا حساب دینا ہے، پنڈی میں بیٹھا شخص ہر حکومت کے ساتھ ہوتا ہے، انتخابات اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے ساتھ ہوں گے، ملکی مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے، انتخابی اصلاحات ہو جائیں تو انتخابات ہو جائیں گے۔

 
Load Next Story