ابرار الحق نےگانا چوری کرنے پر کرن جوہرکو قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دے دی
رپورٹ کے مطابق دھرما پروڈکشن نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم، جگ جگ جیو کا ٹریلر ریلیز کیا جس میں ابرارالحق کا 2002 میں ریلیز ہونے والا مشہور گانا ''نچ پنجابن ''چوری کیا گیا ہے۔
جیسے ہی ابرارالحق کو معلوم ہوا کہ ان کا مشہور گانا نچ پنجابن بالی ووڈ کی آنے والی ایک نئی فلم میں کاپی کیا گیا ہے تو گلوکار نے فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئےانہیں اپنےٹوئٹر پیغام میں ٹیگ کیا۔
A family is built on love, laughter, tears, forgiveness and togetherness!💕
گلوکار نے مزید کہا کہ ''کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو میرا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ میرا چھٹا گانا کاپی کیا جارہا ہے، جس کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا''۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی پاکستانی گانے کاپی کرنے پر بالی ووڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ردِعمل دیئے ۔
ایک صارف نے لکھا کہ'' حال ہی میں حدیقہ کیانی کا گانا ' بوہے باریاں' اوراب یہ، بالی وڈ موسیقاروں کے لیے اصل دھنیں نکالنا اتنا مشکل کیوں ہے''۔
واضح رہے کہ کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ''جگ جگ جیو'' میں ورن دھون،انیل کپور، کیارہ ادوانی اور نیتو سنگھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
دوسری جانب بھارتی انٹرٹینمنٹ ایجنسی 'مووی باکس' نے ابرار الحق کی جانب سے لگائے گئے چوری کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی سیریز کی جانب سے جُگ جُگ جیو میں نچ پنجابن کوشامل کرنے کے لیے باضابطہ طورپر لائسنس دیا گیا ہے۔