انڈو پاک گیمزافتتاحی روز پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے

مینزکبڈی ٹیم نے حریف کوباآسانی پچھاڑا،ویمنزاسکواڈ ناکام،ریسلنگ میں بھی فتح

لاہور: انڈو پاک گیمز میں پاکستانی کبڈی پلیئر بھارتی حریفوں کا حصار توڑنے کی کوشش کررہی ہے . فوٹو : شہباز ملک/ ایکسپریس

پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام انڈو پاک پنجاب گیم زکے ابتدائی روز میزبان کھلاڑی چھائے رہے۔


کبڈی کے مینزٹاکرے میں پاکستان نے بھارتی سائیڈ کو باآسانی 34 کے مقابلے میں51 پوائنٹس سے پچھاڑ دیا، ویمنز ٹیم کو مہمان ٹیم کے ہاتھوں 13-34 پوائنٹس سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ ریسلنگ ایونٹ میں پاکستانی پہلوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی روز7 میں سے 6 مقابلے اپنے کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گیمز کے ابتدائی روز روایتی حریفوں میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔ مردوں کے کبڈی میچ میں پاکستان نے بھارت کو 34 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس سے شکست دی، پلیئرز نے پنجاب اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں سے بھر پور داد وصول کی۔ خواتین کے کبڈی مقابلے میں بھارتی ٹیم میزبان سائیڈ کو 38-15 سے زیر کرنے میں کامیاب رہی۔

سکھمیر اورکلمندر نے9 ،9 ، پوائنٹس حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان کی طرف سے ندا بٹ سب سے زیادہ4 پوائنٹس اپنے نام کرسکیں۔ دوسری طرف ریسلنگ میں افتتاحی روز7 میں سے 6 مقابلے پاکستانی پہلوانوں کے نام رہے۔55 کلوگرام کیٹگری میں اظہر حسین نے بھارتی پہلوان پرنس اروڑا کو سخت مقابلے کے بعد چت کیا۔60 کلوگرام میں پاکستان کے سجاد اقبال بھارتی پہلوان پردیپ کمار کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئے۔66 کلوگرام میں پاکستانی قمر عباس نے حریف ماما ہیپت کو زیر کیا۔ 74 کلوگرام میں بھارتی پہلوان رینکو، اسد اقبال کو قابو کرنے میں کامیاب رہے۔ 84 کلوگرام میں پاکستانی عمیر طارق نے بھارتی کے ارجن شرماکومات دی،96 کلوگرام ویٹ میں انعام بٹ نے انیس صوبی اور120 کلوگرام میں احمد شہزاد نے جگروپ سنگھ کو چاروں شانے چت کیا۔
Load Next Story