صدر مملکت کا یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ بھارت کے عدالتی فیصلے کی شدید مذمت

صدر مملکت نے یاسین ملک کی سزا کو غیر منصفانہ اور انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف قرار دیا

(فوٹو: فائل)

صدر مملکت عارف علوی نے جموں کشمیر لِبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کو جھوٹے الزامات میں بھارتی عدالت سے سزا دیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔

صدر مملکت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے الزامات اور سیاسی عزائم پر مبنی عمر قید کی سزا قابلِ مذمت ہے، جو غیر منصفانہ اور انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا افسوس کہ بھارتی عدلیہ نے ہمیشہ انتہاء پسند ہندوتوا نظریے کے مفادات کا تحفظ کیا، بھارتی عدالتیں بھارتی سیاسی قیادت کی ایما پر مسلمانوں کو اِنصاف دینے سے انکاری ہیں، یاسین ملک سے متعلق عدالت کے فیصلے نے اقلیتوں کے حوالے سے بھارتی ذہنیت کو بے نقاب کر دیا ہے جبکہ پاکستانی قوم اور دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔


مزید پڑھیں: یاسین ملک کو سزا دے کر کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کیا جاسکتا، آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اُن کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنا غلط ہے، بھارت کے جابرانہ اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی عدالت نے حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنا دی

صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کشمیری مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بھارت کی جابرانہ اور نسل پرستانہ پالیسیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور یاسین ملک کی فوری رہائی ، کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔
Load Next Story