نائیجیریا میں ایک پاکستانی سمیت 62 افراد اغوا وزارت خارجہ کی رہائی کیلیے کوشش شروع

اغوا کرنے والوں نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لے چھ دن کا وقت دیا ہے

اغوا کرنے والوں نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لے چھ دن کا وقت دیا ہے

کراچی:
افریقی ملک نائیجیریا میں ایک پاکستانی سمیت 62 افراد کو اغوا کرلیا گیا، وزارت خارجہ نے نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی شہری کی رہائی کے لیے کوشش شروع کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نائیجیریا میں اغوا ہونے والے پاکستانی نوجوان ابوذر محمد افضل کا اپنے اغوا سے متعلق ویڈیو بیان منظر عام پر آیا ہے جب کہ ان کے والد نے بھی اغوا کی تصدیق کی ہے۔

ابوذر محمد افضل نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا ہے کہ انہیں اغوا کرلیا گیا ہے، اغوا کاروں نے واضح کیا ہے کہ اگرچھ دن میں مطالبات پورے نہ ہوئے تو مغویوں کو قتل کر دیا جائے گا۔

ابوذر محمد افضل نے بتایا کہ ہمیں 28 مارچ کو اغوا کیا گیا، میں جے میرینز نامی کمپنی میں کام کرتا ہوں، مجھ سمیت 62 لوگوں کو اغوا کیا گیا ہے، ہم بہت مشکل حالات میں ہیں ہماری فوری مدد کی جائے۔


مغوی ابوذر کے والد شیخ محمد افضل نے ایکسپریس کو بتایا کہ ابوذر نے فیصل آباد سے ہی مائیکرو بیالوجی میں پی ایچ ڈی کیا ہوا اور وہ غیرملکی کمپنی جے میرینز نائیجیریا میں جنرل منیجر کی خدمات انجام دے رہا ہے، اسے دیگر افراد کے ساتھ 28 مارچ کو اغوا کرنے کے بعد اغوا کاروں نے نائجیرین حکومت سے اپنے لوگوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دریں اثنا وفاقی حکومت نے ایکسپریس میڈیا گروپ میں خبر شائع ہونے پر اغوا کا نوٹس لے لیا۔ وزارت خارجہ کے اعلی افسر نے مغوی کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے نائیجریا میں پاکستان ہائی کمیشن اس معاملے کا جائزہ لے رہا ہے،حکومت انہیں بحفاظت بازیاب کرالے گی۔

یہ رابطہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے افریقا علی جاوید نے مغوی کے والد محمد افضل شیخ سے کیا۔

مغوی ابوذر کے والد محمد افضل شیخ نے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے ایکسپریس کو بتایا کہ جمعرات کو وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری برائے افریقا علی جاوید نے ہم سے رابطہ کیا اور اس واقعہ کی تمام تفصیلات معلوم کیں۔

والد نے کہا کہ ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ انہیں بتایا ہے کہ ابوذر کے حوالے سے ان کی نائجیریا میں پاکستانی ہائی کمشنر سے بھی تفصیلی بات ہوچکی ہے اور ان کی بازیابی کا پلان ترتیب دیا جاچکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اپیل ہے کہ وہ نائجیریا کے ہم منصب سے بات چیت کرکے ابوذر کی رہائی کے لیے کوششیں کریں۔
Load Next Story