نوکری کے انٹرویو پرفکرمند ہیں تو گوگل ٹول سے مدد لیجئے

ایپ آپ کے شعبے کے لحاظ سے سوال کرے گی اور اس کا ماہرانہ تجزیہ پیش کرے گی

گوگل نے انٹرویو کی تیاری کے لیے ایک مفید ٹول تیار کیا ہے جو مفت میں دستیاب ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی:
اگرآپ ملازمت کے انٹرویو کے متعلق فکر مند ہیں تو گوگل کا نیا مشین لرننگ ٹول آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ حقیقت سے قریب ہوکر یہ باقاعدہ انٹرویو کے سوالات کرتا ہے جس کے جوابات آپ دیتے ہیں اور یوں انٹرویو کی تیاری کے دوران آپ کی کمزوریاں سامنے آتی ہیں۔

گوگل نے اس ٹول کو 'انٹرویو وارم اپ' کا نام دیا ہے۔

اس ضمن میں گوگل نے ایک تعارفی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں گوگل نے 'انٹرویو وارم اپ' کو دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ٹول متنخب شعبے کے لحاظ سے آپ سے سوال کرتا ہے اور اس کی پشت پر مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) موجود ہوتی ہے۔




آپ کے سامنے مشینی سوال کنندہ انگریزی میں مختلف سوال کرتا ہے جس کا آپ جواب دیتے ہیں۔ گوگل نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ' نئے افراد کے لیے انٹرویو ایک مشکل عمل ہوتا ہے۔ اسی لیے ہم نے بہت تحقیق کے بعد انٹرویو وارم اپ تیار کیاہے۔ اس میں خاص شعبوں کے ماہرین کے وہ حقیقی سوالات بھی شامل کئے گئے ہیں جو وہ بار بار پوچھتےہیں۔ اس سے آپ کو انٹرویو کی تیاری میں بہت مدد مل سکتی ہے۔'

فی الحال اس میں گوگل کیریئر سرٹفیکٹ پروگرام سے وابستہ نوکریوں کے ہی انٹرویو کی سہولت موجود ہے جن میں ڈیٹا ماہر، ای کامرس، آئی ٹی سپورٹ، پروجیکٹ مینیجر، یو ایکس ڈیزائن، اور دیگر عام شعبے شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ویب سائٹ حقیقی وقت میں وہ سب کچھ لکھتی ہے جو آپ بولتے ہیں اور یوں آپ کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ کس جگہ آپ نے کیا جواب دیا ہے۔ پھر سافٹ ویئر خود بھی جائزہ لے کر آپ کی خامیوں کو ظاہر کرتا ہے مثلاً آپ نے کونسی صنعتی اصطلاح استعمال نہیں کی یا آپ نے کسی جواب میں کتنا وقت لگایا ہے۔

تو آج ہی انٹرویو میں اپنی صلاحیت آزمائیں اور یہاں کلک کرکے مفت میں انٹرویو کی تیاری کیجئے۔
Load Next Story