لارڈز ٹیسٹ انگلینڈ نے فتوحات کا قحط ختم کردیا

نیوزی لینڈکو 5 وکٹ سے شکست، جو روٹ کی ناقابل شکست سنچری

لارڈز ٹیسٹ: انگلش بیٹر جو روٹ کا سنچری کی تکمیل پر فاتحانہ انداز، انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی:
فتح کو ترستی انگلش ٹیم نے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی سمیٹ لی۔

بین اسٹوکس اور برینڈون میک کولم کے دور کا آغاز فتح سے ہوگیا، میزبان ٹیم نے چوتھے دن کی شروعات ہدف کے تعاقب میں نامکمل اننگز کو 5 وکٹ 216 رنز سے آگے بڑھایا، روٹ اور بین فوئیکس نے مزید کوئی نقصان کیے بغیر 23.5 اوورز کے کھیل میں منزل تک رسائی پالی، روٹ 170 گیندوں پر 115 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، روٹ نے مجموعی طور پر 26 ویں جبکہ چوتھی اننگز میں پہلی بار سنچری بنائی۔


فوئیکس نے 92 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 32 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ذمہ داری نبھائی۔ان کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 120 کی ناقابل شکست ساجھے داری قائم ہوئی، کائل جیمنسن نے 79 رنز دیکر 4 شکار کیے۔

نیوزی لینڈ کو 2015 کے بعد انگلینڈ کے ہاتھوں پہلی شکست کا سامنا رہا، انگلینڈ نے 9 ٹیسٹ میچز کے بعد پہلی فتح پائی۔دونوں ٹیموں نے دوسری اننگز میں قدرے اعتماد سے بیٹنگ کی، کیویز نے دوسری باری میں 285 رنز جوڑے، ڈیرل مچل (108) اور ٹام بلنڈل (96) نمایاں رہے۔
Load Next Story