حصص مارکیٹ تیل و گیس سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری مزید312پوائنٹس ریکور

انڈیکس26522 پوائنٹس پرپہنچ گیا،385 کمپنیوں میں سے213 کی قیمتیں بڑھ گئیں، 148 کے دام میں کمی

مارکیٹ سرمایہ 58 ارب62 کروڑ روپے بلند، کاروباری حجم8فیصد کم، 26 کروڑ 35 لاکھ حصص کا لین دین ۔ فوٹو : آن لائن

SIALKOT:
حکومت اور طالبان کے درمیان تعلقات بہتر رہنے کی امید اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے حصص کی مالیت میں مزید 58 ارب62 کروڑ29 لاکھ52 ہزارروپے کا اضافہ ہو گیا۔


ایک موقع پر24 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن پی ایس او، پی او ایل، پی پی ایل، اوجی ڈی سی ایل اور ایم سی بی ایل کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے علاوہ انڈیکس کے دیگر آئٹموں میں بڑھتی ہوئی خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے،اس دوران مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 1کروڑ9 لاکھ55 ہزار289 ڈالر کا انخلا کیا گیا لیکن مارکیٹ مستحکم رہی کیونکہ غیر ملکیوں کی جانب سے42 لاکھ62 ہزار 183 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں31 لاکھ 98 ہزار671 اور میوچل فنڈز کی جانب سے34 لاکھ94 ہزار436 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی ۔

جو مارکیٹ میں تیزی کا باعث بنی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس312.61 پوائنٹس کے اضافے سے 26521.99 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 191.02 پوائنٹس کے اضافے سے 19292.22 اور کے ایم آئی30 انڈیکس645.95 پوائنٹس کے اضافے سے44570.43 ہو گیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 8.24 فیصد کم رہا اورمجموعی طور پر 26 کروڑ35 لاکھ6 ہزار390 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار385 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں213 کے بھاؤ میں اضافہ، 148 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story