گرمی میں کیریبیئنز کا جوش ٹھنڈا کرنے کی تیاری پہلا ون ڈے آج ہوگا

ابتدائی بیٹرز امیدوں کا مرکز، مڈل آرڈر میں درست کمبی نیشن کی تلاش

باصلاحیت نوجوان کرکٹرز پر مشتمل مہمان ٹیم خطرناک ہے فوٹو: فائل

کراچی:

سخت گرمی میں کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا جب کہ پاکستان کیریبیئنز کا جوش ٹھنڈا کرنے کیلیے تیار ہے،ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج ہو گا۔


پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بدھ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس اتوار کو میزبان شہر پہنچ گئے تھے،کیریبیئنز کی آمد پیر کو براستہ اسلام آباد ہوئی، مہمان اسکواڈ کو سخت گرم موسم سمیت کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے صرف ایک روز کی پریکٹس میسر آئی ہے۔

ہوم سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دینے والی پاکستان ٹیم فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی،میزبان کو ٹاپ آرڈر میں امام الحق اور فخرزمان جیسے ان فارم بیٹرز میسر ہیں، عالمی رینکنگ میں نمبر ون بیٹر بابر اعظم دنیا کے مختلف میدانوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔

مڈل آرڈر میں آصف علی کی اسکواڈ میں جگہ نہیں بن سکی، محمد رضوان کے ساتھ توقعات کا بوجھ افتخار احمد اور خوشدل شاہ کو بھی اٹھانا ہوگا،آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز میں ٹاپ آرڈر پرفارم کرتی رہی، مڈل آرڈر کی زیادہ آزمائش نہیں ہوئی۔

شاداب خان کی واپسی سے نہ صرف اسپن بولنگ بلکہ بیٹنگ کا شعبہ بھی مضبوط ہوا، دونوں انجرڈ ہونے سے قبل پی ایس ایل 7میں زبردست پرفارم کرہے تھے، پیس بیٹری میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کا ساتھ دینے کیلیے وسیم جونیئر پر حسن علی کو ترجیح دی جاسکتی ہے۔ سینئر پیسر نے کاؤنٹی کرکٹ میں فارم تو بحال کرلی مگر ملتان کی مختلف کنڈیشنز چیلنج ہوں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ باصلاحیت نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ویسٹ انڈین ٹیم خطرناک ہے، فتح کیلیے گرین شرٹس کو تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوگی،بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ کیچز اور رن آؤٹ کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھانا ہوگا، ایک بڑی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے سے ہمارا اعتماد بلند ہوا ہے، اپنے پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے فتوحات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔


انھوں نے کہا کہ ہم مڈل آرڈرمیں مختلف کمبی نیشن آزما رہے ہیں،کینگروز کیخلاف سیریز میں خوشدل شاہ نے اچھی کارکردگی دکھائی،افتخار احمد بھی ضرورت کے مطابق دفاعی یا جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرسکتے ہیں، شاداب خان اور محمد نواز کی واپسی سے بیٹنگ کو تقویت ملے گی۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم میچ میں 100فیصد پرفارم کرتے ہوئے کلین سویپ کی کوشش کریں گے،پچ پر تھوڑی گھاس موجود اور لگتا ہے کہ سلو نہیں ہوگی،میچ سے قبل ہم صورتحال دیکھ کر پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ملتان میں پریکٹس کے دوران بھی محسوس ہوا کہ پہلے گھنٹے گرمی ہوگی لیکن یہ قابل برداشت رہی، وہاں کے شہری 14سال انٹرنیشنل کرکٹ کے منتظر رہے ہیں، امید ہے کہ کرکٹرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کیلیے اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میزبان نیدرلینڈ کو کلین سویپ کرنے کے بعد پاکستان آئی ہے، اگرچہ موسم کا بہت فرق ہے مگر مہمان کھلاڑی پر اعتماد نظر آرہے ہیں،سمارا بروک،شائی ہوپ، کائل مائرز اور برینڈن کنگ بڑے اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، کپتان نکولس پوران بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں، رومین پاول اور ماریو شیفرڈ ویزا مسائل کی وجہ سے نیدرلینڈ کیخلاف ایکشن میں نظر نہیں آسکے تھے، ان کی واپسی سے بھی مہمان اسکواڈ کو تقویت ملے گی، دونوں پیس بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، اسپنرز عقیل حسین اور ہیڈن واش جونیئر نے نیدر لینڈز کی 12وکٹیں اڑائی تھیں،وہ پاکستان ٹیم کیلیے بھی مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔

کپتان نکولس پوران نے کہا کہ گرمی کا جسم پر کیا اثر ہوتا ہے ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے مگر اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں، ایک پروفیشنل کے طور پر اس چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے پرفارم کرنے کیلیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم ایک سال سے اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، ہم بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نتیجہ اپنے حق میں کرنے کی کوشش کریں گے،حکمت عملی کے سوال پر پوران نے کہا کہ ہمیں بابر اعظم کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا۔
Load Next Story