محنت کش نوجوان کا گانا وائرل وزیراعلیٰ محمود خان نے انعامات کی بارش کردی

محنت کش آصف نے وزیراعلیٰ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروانے کی خواہش کا اظہار کیا

محنت کش آصف کے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:
بنوں سے تعلق رکھنے والے محنت کش نوجوان کی سریلی آواز میں گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سریلی آواز کے مالک محنت کش کے وائرل گانے کی دھوم خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے محنت کش اور باصلاحیت نوجوان آصف کو وزیر اعلیٰ ہاؤس بلا لیا۔


وزیر اعلیٰ نے محنت کش سریلے نوجوان کی حوصلہ افزائی کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے آصف سمیت تمام محنت کش نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے محکمہ ثقافت کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صوبائی حکومت ایسے با صلاحیت نوجوانوں کی بھر پور سرپرستی کرے گی۔ محنت کش آصف نے وزیراعلیٰ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

جس پر وزیراعلیٰ محمود خان نے نوجوان محنت کش کو عمران خان سے ملاقات کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ محنت کش آصف نے سی ایم ہاؤس بلانے اور مالی امداد کرنے پر وزیراعلیٰ محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story