مفت میں ملنے والے صوفے سے 36000 ڈالر برآمد

کیلیفورنیا کی خاتون نے کریگ لسٹ ویب سائٹ کے اشتہار سے صوفہ لیا تو اس کے کشن سے خطیر رقم برآمد ہوئی

کیلیفورنیا کی خاتون اپنے صوفے کے ساتھ جس کے کشن سے 72 لاکھ روپے کے بقدر ڈالر برآمد ہوئے ہیں۔ فوٹو: نیویارک ٹائمز

ایک غریب خاتون نے ویب سائٹ کے اشتہار پر مفت صوفہ لیا تو چند روز بعد اس کے کشن کے اندر سے 36000 ڈالر برآمد ہوئے جو پاکستانی روپوں میں 72 لاکھ کے لگ بھگ ہیں۔

کیلیفورنیا کی وِکی یموڈو نے کریگ لسٹ ویب سائٹ پر اپنی کرسیوں کی میچنگ میں دو صوفے دیکھے تھے جو مفت میں مل رہے تھے۔ انہوں نے صوفے کو فوری اٹھانے کا فیصلہ کیا اور سان برنارڈینو کاؤنٹی میں واقع اپنے علاقے کولٹن کے گھر میں لے آئیں۔

تفصیلات کے مطابق اشتہار دینے والے شخص نے لکھا تھا کہ یہ فرنیچر اس کے فوت شدہ عزیز کی ملکیت میں رکھا تھا اور پسماندگان گھر کی ہر شے کو فوری طور پر بیچنا چاہتے تھے اور کئی اشیا بلامعاوضہ بھی دے رہے تھے۔




خاتون نے بتایا کہ وہ کسمپرسی کی شکار ہیں اور ان کے گھر میں بہت سی اشیا کی کمی ہے۔ جب انہوں نے یہ صوفہ (کاؤچ) اٹھایا تو انہیں بہت خوشی ہوئی۔ لیکن چند روز بعد انہیں کشن کے اندر ناہمواری محسوس ہوئی اور جب اس کا غلاف کھولا گیا تو ایک ہی جگہ 36000 ڈالر موجود تھے۔

پہلے ہاتھ لگا کر وہ سمجھیں کہ شاید کشن میں اخبار یا کاغذ بھرے ہیں لیکن جب انہیں کھول کر دیکھا گیا تو وہ حیران رہ گئیں کہ وہ ڈالر تھے۔ تمام رقم کئی لفافوں میں رکھی تھی اور اب وہ اس کے مالک سے رابطہ کررہی ہیں۔
Load Next Story