وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری قیمتوں پر اشیا کی فروخت یقینی بنانے کیلیے نئی سروس کا افتتاح کردیا

مہنگائی کے ذمہ داروں کی چیخیں نکلیں پرواہ نہیں مگر عام آدمی کے ریلیف کیلیے آخری حد تک جاوں گا، حمزہ شہباز

فوٹو ٹویٹر

لاہور:
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اضلاع کی سطح پر اشیائے ضروریہ کی سرکاری قیمت میں فروخت کو یقینی بنانے کے لیے پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حمزہ شہباز کی جانب سے پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح ہوتے ہی صوبے میں اشیا کی سرکاری قیمتوں میں فروخت کی نگرانی کا عمل شروع ہوگیا۔ ڈیش بورڈ پر پرائس مانیٹرنگ کے لیے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرزاور اسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ سرکاری ضلعی عہدیداران بھی شامل ہے۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ روزانہ خود بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے پرائس کنٹرول کے لئے اضلاع کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔

علاوہ ازیں حمزہ شہباز کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں پرائس کنٹرول میکنزم کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے انتظامی افسران کو پرائس کنٹرول اور عوام کو ہر صورت ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ سیکرٹریز نے رپورٹ پیش کی۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی پرائس کنٹرول سے منسلک ہوں گی، اچھی کارکردگی پر متعلقہ اضلاع کے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔
Load Next Story