عراقی دارالحکومت بغداد میں 9 بم دھماکوں سے 14 افراد جاں بحق 70 زخمی

دارالحکومت کے شیعہ اکثریتی علاقے میں7 کار بم اور2 سڑک کنارے نصب بم دھماکے ہوئے‘ ضلع کرادا میں بھی 3 افراد مارے گئے

دارالحکومت کے شیعہ اکثریتی علاقے میں7 کار بم اور2 سڑک کنارے نصب بم دھماکے ہوئے‘ ضلع کرادا میں بھی 3 افراد مارے گئے. فوٹو فائل، رائٹرز

عراق کے دارالحکومت بغداد میں شیعہ اکثریتی علاقوں میں9 بم دھماکوں کے نتیجے میں 14افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔


7کاربم دھماکوں اور2 سڑک کنارے نصب بم دھماکوں کے ذریعے بغدادکے6 شیعہ اکثریتی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ وسطی بغداد کے ضلع کرادا میں ہونیوالے کاربم دھماکے میں 3 افراد مارے گئے۔ ادھر شہر سمارا میں ایک روز قبل عسکریت پسندوں کی طرف سے سٹی کونسل ہیڈکوارٹرز پرکیے گئے قبضے کو سیکیورٹی فورسز نے چھڑا لیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں4 خودکش حملہ آوروں سمیت8 افراد مارے گئے جبکہ 47 زخمی ہو گئے، فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا' خودکش حملہ آوروں نے کوئی راہ نہ پا کر خودکو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 4 یرغمالی بھی جاں بحق ہو گئے۔ ادھر صوبہ انبار میں جاری لڑائی کے باعث 3 لاکھ70 ہزار سے زائد افراد علاقے سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق یکم جنوری سے ابتک عراق میں پرتشدد واقعات کے دوران 1790 افراد مارے جاچکے ہیں۔ میڈیا کے مطابق بغداد دنیا کا واحد شہر ہے جہاں روزانہ بم دھماکے ہوتے ہیں۔
Load Next Story