رمیز راجا کی سفارش کے تاثر کو مسترد کرتا ہوں سابق چئیرمین پی سی بی
سابق چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) توقیر ضیا نے موجودہ چیئرمین رمیز راجا کی سفارش کے تاثر کو مسترد کردیا۔
لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے دورے پر میڈیا سے بات کرتےہوئے توقیر ضیا کا کہنا تھا کہ کیا یہ سوچنے والی بات ہے کہ کیا میں نے رمیز راجا کی سفارش صرف دوہفتوں کے لیے کرنی تھی، میں نے کسی سے سفارش کرنا ہوتی تو 3 برسوں کے لیے تو ضرور کرتا۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مجھے فوج اور کرکٹ معاملات سے الگ ہوئے 20 برس سے زیادہ وقت ہوچکا ہے، اب میری کیا ویلیو ہے، البتہ میرا موقف یہ ہے کہ بورڈ کا سربراہ ایسے فرد کو لائیں جو سیاست سے دور رہے۔
انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کو بھی تین برس مکمل کرنے چاہیئے تھے کیونکہ ہر بورڈ کا سربراہ کا اپنا ویژن ہوتا ہے، سب کو کام کرنے کا پورا موقع ملنا چاہیے۔
توقیر ضیا نے کہا کہ خدانخواستہ کوئی چیئرمین ملک کی کرکٹ کا بیڑہ غرق کررہا ہو تو ضرور تبدیلی لانی چاہیئے، میرے نزدیک اس وقت پی سی بی میں ایسا کچھ نہیں، رمیز راجا درست راستے پر کام کر رہے ہیں۔