لاہور نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ 2 افراد جاں بحق

مقتولین گاڑی پر سندر کی طرف جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، دونوں موقع پر جاں بحق

لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں

صوبائی دارالحکومت میں سندر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے چلتی گاڑی پر گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔ فائرنگ کا واقعہ موہلنوال چوک پر پیش آیا۔


ابتدائی اطلاعات کے مطابق مزمل مصطفی طارق ولد محمد طارق سکنہ EME سوسائٹی اور دوسرا نامعلوم شخص گاڑی پر سندر کی طرف جا رہے تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
Load Next Story