پنجاب حکومت وفاق کی طرز پر بجٹ پیش کرے گی

13 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے خصوصی امدادی پیکیج بھی متعارف کرایا جائے گا۔

نئے مالی سال میں صوبائی حکومت نے اہم اقدامات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے (فوٹو فائل)

ISLAMABAD:
پنجاب حکومت نے صوبے میں اہم اقدامات متعارف کرانے کے لیے وفاقی طرز پربجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت، مواصلات کے میدان میں کئی اہم اقدامات متعارف کروائے جارہے ہیں جب کہ آٹے کی کم قیمت پر دستیابی کا وزیر اعلیٰ پنجاب کا ''سہولت پیکیج''آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا جب کہ کم وسیلہ افراد کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوام کی قوت خرید میں اضافے کے لیے اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

پنجاب کے بجٹ 2022-23 میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے خصوصی امدادی پیکیج متعارف کروانے کا منصوبہ ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت 13جون کو آئندہ مالی سال 2022-23 کا بجٹ صوبائی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کرے گی۔
Load Next Story