ڈاکٹر طارق رفیع 4 برس کیلیے سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین مقرر

وزیر اعلی سندھ نے پہلے 3 ماہ اور بعد ازاں 4 سال کے لیے ڈاکٹر طارق رفیع کو چیئرمین سندھ ایچ ای سی مقرر کیا

—فائل فوٹو

حکومت سندھ نے چارٹر انسپیکش اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع کو چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن مقرر کردیا ہے ان کی تقرری 4 سال کے لیے کی گئی ہے۔

اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے وہ 2026 کے وسط تک اس عہدے پر کام کریں گے ان کی تقرری سے چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ مسلسل دو مدت پوری کرنے والے سابق چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین کی سبکدوشی کے بعد ڈاکٹر طارق رفیع کو 18 مارچ کو پہلے تین ماہ کے لیے اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا وہ اس سے قبل 8 سال تک جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں اور ڈاکٹر عاصم حسین کے بعد سندھ ایچ ای سی کے دوسرے سربراہ ہیں جس کا قیام 2013 میں ہوا تھا ڈاکٹر عاصم حسین دو مدت یعنی 8 سال تک سندھ ایچ ای سی کے چیرمین رہے۔


جس کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کی جگہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نئے چیئرمین کے لیے 3 ناموں کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھجوائی گئی جن میں جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، گورنر سندھ کے سابق پرنسپل سیکریٹری اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ اور چارٹر انسپکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر طارق رفیع کے نام شامل تھا۔

اس سمری کو منظور کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے پہلے 3 ماہ اور بعد ازاں 4 سال کے لیے ڈاکٹر طارق رفیع کو چیئرمین سندھ ایچ ای سی مقرر کیا۔

یاد رہے کہ انہوں نے اپنے ابتدائی تین ماہ میں ہی این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے انجینیئرنگ سے تعلق رکھنے والے مختلف ضابطوں کے طلبہ کے پروجیکٹس کی نمائش کرائی جبکہ طلبہ کے لیے سندھ لیول پر جانب فیئر بھی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
Load Next Story