شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 10برس بیت گئے

مہدی حسن کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

مہدی حسن 13جون 2012 میں انتقال کر گئے تھے(فائل فوٹو)

40سال تک دنیائے موسیقی پر راج کرنے والے شہنشاہ غزل مہدی حسن کو مداحوں سے بچھڑے 10برس بیت گئے ، آج ملک بھر میں ان کی برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

مہدی حسن سن 1927 کو بھارتی ریاست راجھستان کے علاقے لونا میں پیدا ہوئے مہدی حسن کا تعلق موسیقی کے اس بڑے گھرانے سے تھا جنہوں نے 16 پشتوں تک موسیقی کی دنیا پر راج کیا۔


مہدی حسن نے 1956 میں ریڈیو پاکستان سے گائیکی کا آغاز کیا جب کہ 1962 میں پاکستانی فلم ''شکار'' کے لیے پہلی مرتبہ گیت ریکارڈ کروایا، انہوں نے مجموعی طور پر365 فلموں میں اپنی سحر انگیز آواز کا جادو جگایا، فلمی صنعت میں انکی آواز کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی تھی۔

مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد گیت اور غزلیں ریکارڈ کرواکر ایک تاریخ رقم کی ان کے مداحوں کا کہنا ہےکہ مہدی حسن موسیقی کا ایک پورا عہد تھے، ان کے راگ اور راگنی کو دنیا بھر میں شہرت ملی، اسی وجہ سے مہدی حسن کو ''شہنشائے غزل ''کے خطاب سے نواز گیا۔

Load Next Story