کراچی بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 11ہزار سے زائد نامزدگی فارم جمع

کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کے خلاف 20 سے 22 جون تک اپیل کی جا سکے گی

بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں کی بھی بڑی تعداد سامنے آئی ہے (فوٹو فائل)ٌ

ISLAMABAD:
بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کراچی میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت (گزشتہ روز) ختم ہوگیا۔ 8 روز میں 11 ہزار سے زائد نامزدگی فارم جمع کرادیے گئے۔

سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور ٹی ایل پی نمایاں ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں کی بھی بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔ سب سے زیادہ نامزدگی فارم ضلع وسطی میں جمع کرائے گئے، اس کے بعد شرقی اور ضلع غربی میں امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے۔


کراچی کے 7 اضلاع کی 246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور 984 وارڈ کونسلر کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ 8 جون سے شروع ہوا تھا جو 15 جون تک جاری رہا۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست آج جاری کی جائے گی۔ 17 سے 19 جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کے خلاف 20 سے 22 جون تک اپیل کی جاسکے گی۔

27 جون کو نظرثانی شدہ فہرستیں آویزاں کی جائیں گی۔ 28 جون کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے۔ 29 جون کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ 24 جولائی کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد ہوگا اور 28 جولائی کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج جاری کیے جائیں گے۔
Load Next Story