نان فائلرز کی موبائل سم بلاک بجلی اور گیس کنکشن منقطع کرنے کا اختیار ایف بی آر کو مل گیا

ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ ہوا تو اسپتال میں رش لگ گیا تھا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

فوٹو: فائل

JOHANNESBURG:
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف بی آر کو تمام اختیارات دے دیے، جس کے تحت نان فائلرز کے بجلی اور گیس کے کنکشنز اور موبائل سم بند کردی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں فنانس بل پیش کر کے اعتراضات پر گفتگو کی گئی۔

نئے فنانس بل میں نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایف بی آر کو بنیادی سہولیات منقطع کرنے کے اختیارات تفویض کردیے گئے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق مقررہ تاریخ تک ٹیکس گوشوارہ جمع نہ کرنے والے کی موبائل سم بلاک جبکہ بجلی اور گیس کنکشن بھی کاٹ دیا جائے گا اور ریٹرن جمع کرنے کے لیے یہ سہولیات دوبارہ اُسے فراہم کی جائیں گی۔


مزید پڑھیں: گوشوارے جمع نہ کرانے پر سمز بند، بجلی و گیس کنکشن منقطع کرنے کی تجویز

ایف بی آر ترجمانے بتایا کہ متعلقہ شخص کا نام موبائل فون، بجلی اور گیس کمپنی کو بھیجا جائے گا تاکہ اُس کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی حمایت کردی۔

دوسری جانب سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کاہ کہ پاکستان میں کوئی شخص ایف بی آر کی ریٹرن کیلئے آخری تاریخ کو سنجیدہ نہیں لیتا، ٹیکس گوشوارے ہر وقت جمع کرانے کی اجازت ہونی چاہئے۔

انہوں نے موبائل سم بلاک کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے کا فیصلہ ہوا تو ہسپتالوں کے باہر لائنز لگ گئی تھیں، ہمیں امید ہے کہ یہ قدم کامیاب ثابت ہوگا۔
Load Next Story