ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا قومی ٹیم فٹنس مسائل سے دوچار

حریف ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی کا دفاع کرنے کی کامیاب کوشش کریں گے،کپتان مصباح الحق

قومی ٹیم لیگ میچ میں سری لنکا سے ہار چکی ہے، فوٹو:فائل

ایشیا میں کرکٹ کی حکمرانی کے لئے آخری جنگ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لڑی جائے گی تاہم شاہینوں میں سے کچھ شاہین فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا فائنل میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں شاہین سری لنکن ٹائیگرز کو زیر کرنے کے لیے بھرپورتیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ اپنے آخری لیگ میچ میں بنگلا دیش کو شکست دینے کےبعد قومی ٹیم نے ایک دن آرام کےبعد پریکٹس شروع کردی ہے اور ہفتے کو ہونے والے فیصلہ کن معرکے کا میدان مارنے کے لیے اپنی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔


کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سخت مقابلے کے لیے تیار ہیں اور حریف ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی کا دفاع کرنے کی کامیاب کوشش کریں گے۔ شاہد آفریدی کے حوالے سے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آفریدی جس انداز میں کھیل رہے ہیں وہ ہمارے لیے مثبت پوائنٹ ہے وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں جس کا فائدہ نہ صرف ہفتے کو فائنل میں بلکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ہوگا، شاہدی آفریدی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں ان کی عمدہ پرفارمنس میگا ایونٹ میں بھی کام آئے گی۔

دوسری جانب ایشیا کپ کے فائنل سے پہلے ہی قومی ٹیم فٹنس مسائل کا بھی شکار ہوتی نظر آرہی ہے،شاہدی آفریدی کے ساتھ احمد شہزاد اور عمر گل بھی انجریز کا شکار ہیں،تینوں اہم کھلاڑیوں نے گزشتہ روز ہونےو الے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا تاہم ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ تینوں کھلاڑی فائنل سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے جبکہ شاہدی آفریدی نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فائنل سے پہلے فٹ ہوجائیں گے اور ٹیم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
Load Next Story