سری لنکن کرکٹرز کے معاہدوں کا مسئلہ پھر زور پکڑگیا

کھلاڑیوں سے بات چیت کے لیے کرکٹ چیف سلیکٹرو بورڈ آفیشلز کی ڈھاکا آمد

کھلاڑیوں سے بات چیت کے لیے کرکٹ چیف سلیکٹرو بورڈ آفیشلز کی ڈھاکا آمد۔ فوٹو:کرک انفو/فائل

پاکستان کیخلاف ایشیا کپ فائنل سے قبل سری لنکن کرکٹرز کے معاہدوں کا مسئلہ پھر زور پکڑگیا، پلیئرز سے بات چیت کیلیے سری لنکن چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا ، نشانتھا راناٹنگا اور بورڈ کے صدر جیانتھا دھرماداسا ڈھاکا پہنچ گئے، جہاں پر ایشیا کپ فائنل دیکھنے کے ساتھ وہ پلیئرز سے کنٹریکٹ تنازع پر بھی بات چیت کرینگے۔


تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے نیشنل کرکٹرز اور بورڈ کے درمیان معاوضوں کے معاملے پر تنازع تیسرے برس میں داخل ہوگیا، بورڈ نے 2013 کی طرح اس مرتبہ بھی پلیئرز کو آئی سی سی ایونٹس سے ہونے والی آمدنی میں حصہ دینے سے انکار کردیا،گذشتہ برس مارچ تک پلیئرز کو بورڈ کو عالمی ایونٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں25 فیصد حصہ مل رہا تھا لیکن پھر 2013 میں بورڈ نے پلیئرز کے معاہدوں کی رقم میں کمی کردی، اس کے بعد پلیئرز نے اس وعدے پر معاہدے پر دستخط کردیے تھے کہ آنے والے برسوں میں رقم میں حصے داری کو دوبارہ بحال کردیا جائیگا، اس برس سری لنکن بورڈ کو ہونے والی آمدنی گذشتہ برس کے مقابلے میں خاصی معقول ہے، جس پر پلیئرز اپنے مطالبے کو منوانے پر بضد ہیں۔

چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا نے گذشتہ برس بھی فریقین میں معاہدہ کرانے میں اہم کردار ادا کیاتھا، اس مرتبہ بھی سری لنکن کرکٹرز نے بنگلہ دیش روانگی سے قبل اپنے مطالبات تحریری صورت میں جے سوریا کودیے تھے، انھوں نے ہی گذشتہ برس بھی پلیئرز کو یقین دہانی کرائی تھی کہ آنے والے برسوں میں آئی سی سی ایونٹس سے ہونے والی آمدنی میں شراکت بحال کردی جائیگی، وہ اب بھی اس معاملے کو حل کرانے کیلیے کوشاں ہیں، انھوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ میں نے پلیئرز کے مطالبات کا خط سری لنکا کرکٹ کو نہیں دیا لیکن میں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایشلے ڈی سلوا کو کھلاڑیوں کی خواہشات سے آگاہ کردیا ہے، جے سوریا پلیئرز سے ہمدردی بھی رکھتے ہیں۔
Load Next Story