اسٹیٹ بینک کا درآمدی ادائیگیوں کی رپورٹنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ

روپے کی قدر مستحکم کرنےکیلئے بینکوں کو ڈالر فراہم کئے جائیں گے،اسٹیٹ بینک

فوٹو:فائل

اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر کو مستحکم اور زرمبادلہ کے تیزی سے گرتے ہوئے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے درآمدی ادائیگیوں کی رپورٹنگ مزید سخت کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس ڈالر کی کمی دور کرنے کے لیے جمع شدہ زرمبادلہ میں سے بینکوں کو ڈالر فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے،بینکوں کوایک لاکھ ڈالرز سے زائد مالیت کی در آمدات کی ادائیگی کےلئے اسٹیٹ بینک کو چوبیس گھنٹے قبل آگاہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔


تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ اقدام زرمبادلہ کے مسلسل گرتے ہوئے ذخائر کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے ،اس سے قبل پیشگی آگاہی کےلئے در آمدات کی مد میں رقم کی حد 5لاکھ ڈالر مقررر تھی،اسٹیٹ بینک کے مطابق اس فیصلہ سے تمام کمرشل بینکوں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کمرشل بینکوں کو فارن کرنسی ڈپازٹ سے اسٹیٹ بینک کے پاس جمع کروائے گئے کیش ریزرو ریکوائرمںٹ میں سے 10 فیصد زرمبادلہ بھی مہیا کرے گا، اقدام کے نتیجے میں 500 ملین ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ بینکوں کو مہیا ہونے کا امکان ہے جس سے بینکوں کے لیے ڈالر کی طلب پوری کرنے کے لیے گنجائش میں اضافہ ہوگا اور روپے کی قدر میں بے قدری کی رفتار کم کرنے میں مدد ملےگی۔
Load Next Story