یہی وقت ہے کہ پاک سعودی تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے روڈ میپ بنایا جائے وزیراعظم

شہباز شریف سے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی

—فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے روابط پچھلے 75 سالوں میں مثالی رہے ہیں، یہی وقت ہے کہ پاک سعودی تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے روڈ میپ بنایا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، کمرشل اتاشی، پاکستانی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے تاجران اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے 75 سالوں میں مثالی رہے ہیں اور سعودی عرب نے سیاسی، سفارتی اور معاشی محازوں پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ پاکستان اور سعودی عرب یک جان اور دو قالب ہیں، مجھے سعودی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔


https://www.facebook.com/radiopakistannewsofficial/videos/446976263430112

ان کا کہنا تھا کہ یہی وقت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے روڈ میپ بنایا جائے، پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں، سعودی عرب نے حالیہ سالوں میں بہت ترقی کی ہے اور سعودی عرب نے اپنے اسلامی تشخص اور کلچر کو برقرار رکھتے ہوئے ماڈرنائزیشن کو اپنایا ہے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان میں سعودی کمپنیوں اور تاجران کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کے جائیں، پاکستان اور سعودی عرب کی کاروباری برادری تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتی ہیں۔
Load Next Story