سندھ حکومت نے تھر متاثرین کی مدد کیلئے پنجاب کی پیشکش ٹھکرا دی

پنجاب حکومت نے ادویات، غذائی اجناس اور دیگر ضروریات زندگی بھیجنے کی پیش کش کی تھی۔

گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے تھرپارکر کے قحط زدگان کی امداد کا اعلان کیا تھا۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے تھر کے قحط زدگان کی امداد کے لئے پنجاب حکومت کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے تھرپارکر کے قحط زدگان کے لئے حکومت سندھ کو ادویات، غذائی اجناس اور دیگر ضروریات زندگی امداد کے طور پر بھیجنے کی پیش کش کی جسے سندھ حکومت نے یہ کہہ کر لینے سے انکار کر دیا کہ انھیں ابھی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے انکار کے باوجود وفاق کی مدد سے تھر کے متاثرین کی امداد ضرور کریں گے۔


دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے تھر کے لئے امداد ٹھکرانے کی خبر بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک پنجاب حکومت کی جانب سے امداد کی پیش کش کی ہی نہیں گئی تو ٹھکرایا کیسے جاسکتا ہے، اگر امداد کی پیش کش کی گئی تو منہ کرنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ قحط سے نمٹنے کےلئے سندھ حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں سندھ کی عوام تھر کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے تھرپارکر میں قحط سالی کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے امداد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تھر میں جاری قحط سالی کے باعث اب تک 150 سے زائد معصوم انسانی جانیں اور سیکڑوں جانوں مر چکے ہیں۔
Load Next Story