خیبرپختونخوا حکومت کا تھر کے متاثرین کیلئے 10 کروڑ روپےکی امداد کااعلان

مشکل کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کی عوام تھر کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، پرویز خٹک

تھر میں قحط سالی سے بچوں سمیت 150 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فوٹو؛فائل

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تھر کے متاثرین کے لیے 10 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخو پرویز خٹک نے قحط سالی کے باعث متاثر ہونے والے تھر کے عوام کے لئے 10 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں غذائی اشیا اور ادویات بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کی عوام تھر کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔


اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے تھرپارکر کے قحط زدگان کے لئے حکومت سندھ کو ادویات، غذائی اجناس اور دیگر ضروریات زندگی امداد کے طور پر بھیجنے کی پیش کش کی جسے سندھ حکومت نے یہ کہہ کر لینے سے انکار کر دیا کہ انھیں ابھی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی غفلت کے باعث تھرپاکر میں خوراک کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک بچوں سمیت 115 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تھر میں تمام ہلاکتیں قحط سالی سے نہیں بلکہ بیماریوں کی وجہ سے بھی ہوئی ہیں۔
Load Next Story