وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرمیرپورخاص اور ڈی سی تھرپارکر کو معطل کردیا

تھر میں قحط سالی پر سندھ حکومت اور متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث معصوم بچوں سمیت 118 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں

وزیراعلیٰ سندھ نے ساجد جمال ابڑو کو کمشنر میرپورخاص اور آصف اکرام کو ڈپٹی کمشنر تھرپارکر تعینات کردیا۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے تھر میں قحط سالی سے سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد بالآخر کمشنر میرپور خاص اور ڈپٹی کمشنر تھر پارکر کو معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر پارکر میں خوراک اور ادوایات کے بحران کے باعث بچوں کی ہلاکتوں پر غلفت برتنے پر کمشنر میر پور خاص غلام مصطفیٰ اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر مخدوم عقیل الزماں کو معطل کرکے ساجد جمال ابڑو کو کمشنر میرپورخاص اور آصف اکرام کو ڈپٹی کمشنر تھرپارکر تعینات کردیا۔ سندھ حکومت نے ایس پی تھرپارکر عابد قائم خانی کو بھی ہٹا کر ان کی جگہ منیر شیخ کو تعینات کردیا ہے۔


میڈیا پر خبر نشرہونے اورسابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ کو واقعے پر ازخود نوٹس لینے کے حوالے سے خط لکھنے کے بعد چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے تھر میں قحط سالی سے ہونے والی ہلاکتوں کا ازخود نوٹس لے لیا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے بھی تھر میں قحط سالی سے معصوم انسانی جانوں نے نقصان پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نینشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اورحکومت سندھ کو متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام کی غفلت کے باعث تھر میں شدید غذائی بحران پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث معصوم بچوں سمیت 118 افراد جاں بحق ہوچکےہیں جب کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تمام ہلاکتیں قحط سالی کی وجہ سے نہیں بلکہ بیماری کی وجہ سے بھی ہوئی۔
Load Next Story