بھارتی آبدوز میں تکنیکی خرابی کے باعث دھماکا ایک کارکن ہلاک 2 زخمی
بھارتی آبدوز میں 2 روز کے دوران ہونے والے دوسرے دھماکے میں ایک کارکن ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بحریہ کے لئے تیار کی جانے والی جوہری آبدوز میں دھماکا بحریہ کے ایسٹرن کمانڈ سینٹر میں اس وقت ہوا جب آبدوز کے ہائیڈرولک ٹینک کے دباؤ کو جانچنے کے لئے تجربہ کیا جارہا تھا کہ اسی دوران ٹینک کا ڈھکن دھماکے سے وہاں کام کرنے والے عام کارکنوں پر جاگرا جس کے نتیجے میں ایک کارکن موقع پر ہی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے کارکنوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 7ماہ کے دوران بھارتی بحریہ کے جنگی جہازوں اور آبدوزوں میں دھماکوں اور آگ لگنے کے 13 واقعات ہو چکے ہیں، گزشتہ روز بھی جنگی جہاز آئی این ایس کولکتہ ڈسٹرائر شپ یارڈ میں زہریلی گیس کے اخراج کی وجہ سے ہونے والے دھماکے میں ایک نیوی آفیسر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔