وزیراعلیٰ پنجاب کا لیپ ٹاپ منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

لیپ ٹاپ جو ن لیگ کا منصوبہ تھا اس کو پیچھے کر دیا گیا، حمزہ شہباز

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا ایوان میں اظہار خیال۔ (فوٹو فائل)

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے صوبے میں لیپ ٹاپ کے منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لیپ ٹاپ جو ن لیگ کا منصوبہ تھا اس کو پیچھے کر دیا گیا لیکن اب ہم اربوں روپے سے لیپ ٹاپ کا اجراء دوبارہ کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا میں ورک فرام ہاؤس پوری دنیا میں نظر آیا جس میں لیپ ٹاپ استعمال کی اہمیت کا اندازہ بھی ہوا۔

مزید پڑھیں؛ اسپیکرچوہدری پرویز الہٰی کا پنجاب اسمبلی استحقاق بل منسوخ


وزیراعلیٰ نے کہا کہ انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹرا ڈسٹرکٹ روڈ ٹوٹ چکی ہیں کیونکہ نیا پاکستان میں سڑکوں کا یہی حال ہونا تھا، ہم 50 ارب روپے کی لاگت سے ان سڑکوں کو بنائیں گے۔

حمزہ شہباز نے محکمہ خزانہ اور قانون کے ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم ایک بڑا چیلنج ہے، ملتان میں وائلنس اگینسٹ وویمن سینٹر بند پڑا ہے، ہم اس سینٹر کی بحالی سمیت اور منصوبے بھی لگائیں گے، خواتین اور ورکنگ خواتین ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
Load Next Story