مادھوری جوہی چاؤلہ کی فلم’’ گلاب گینگ‘‘ نے کامیابی کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

فلم کو باکس آفس پر بہترین رسپانس ملا، عوام نے مادھوری اور جوہی کی ایک ساتھ پہلی فلم کا شاندار خیر مقدم کیا

یہ ویمن اسپیشل فلم ہے، پاکستانی فلم بین خصوصاً خواتین اسے ایکبار ضرور دیکھنے سنیما گھر جائیں:جوہی چاولہ، ایکسپریس سے گفتگو . فوٹو وکی پیڈیا

بالی ووڈ کی دو سپر اسٹارز مادھوری اور جوہی چاولہ کی فلم ''گلاب گینگ'' نے صرف دو روز میں کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا، باکس آفس پر اسے بہترین رسپانس ملا، عوام نے مادھوری اور جوہی چاولہ کی ایک ساتھ پہلی فلم کا شاندار خیر مقدم کیا۔


اس فلم کی پاکستان میں نمائش کے موقع پر ادکارہ جوہی چاؤلہ نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ''گلاب گینگ'' میں میرا کردار میرے مزاج کے برخلاف ہے، میں نے اس سے پہلے ایسا کردار ادا نہیں کیا تھا لیکن بڑا مزا آیا، میرے ڈائیلاگ بہت کرارے ہیں، فلم کا میوزک ایکسٹرا آرڈنری عمدہ ہے بس آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ پیسہ وصول فلم ہے، سمیتا دیوی کا کردار منفی ہے اور میرے چاہنے والے مجھ سے اس کردار کی توقع نہیں کر رہے تھے، لوگ سمجھ رہے تھے کہ میں ایسا رول نہیں کرونگی اور وہ مجھے اس کردار میں قبول نہیں کرینگے، لیکن جب فلم کے ڈائریکٹر نے مجھے کہانی سنائی تو لگا کہ اس کردار میں جان ہے۔

جوہی کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی مادھوری کے ساتھ کام نہیں کیا تھا لیکن اس فلم میں ان کے ساتھ کام کرنا بہت منفرد اور اسپیشل لگا، مادھوری کو میں نے کبھی اتنا قریب سے نہیں دیکھا تھا، شوٹنگ سے پہلے ڈائریکٹر نے ہم دونوں کو چائے پر مدعو کیا، اس دوران ہمارے روم سے سب لوگ باہر نکل گئے، اسطرح میں اور مادھوری ایکدوسرے کے قریب ہوئے، یہ ایک خاص فلم ہے جس میں مجھے اور مادھوری کو دیکھ کر فلم بین خوش ہونگے، گلاب گینگ خواتین کے مسائل کا احاطہ کرتی ہے، یہ ویمن اسپیشل فلم ہے میں پاکستانی فلم بینوں اور خاص طور سے خواتین سے کہوں گی کہ وہ اس فلم کو ایکبار ضرور دیکھنے سنیما گھر جائیں، کیونکہ یہ ان کی فلم ہے، اس میں آپکو بھر پور تفریح ملے گی اور بہت سے سماجی مسائل پر اچھا پیغام بھی ملے گا، جوہی چاولہ نے کہا میں متعدد بار پاکستان آئی ہوں، مجھے معلوم ہیں کہ مجھے پاکستان میں چاہنے والے بہت بڑی تعداد میں موجود ہیں، مجھے امید ہے میری فلم گلاب گینگ ان کے معیار پر پوری اترے گی۔
Load Next Story