راولپنڈی میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی

مردہ مرغیوں کا گوشت ریسٹورنٹس اورفاسٹ فوڈ پوائنٹس کو فروخت کیا جانا تھا

مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والے سپلائرکیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا:فوٹو:فائل

کراچی:
راولپنڈی میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن میں سولہ سو کلو گوشت برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن میں سولہ سو کلو مردہ مرغیاں برآمد کرکے تلف کردیں۔ مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف ہوٹلوں اورفاسٹ فوڈ پوائنٹس پرسپلائی ہونا تھا۔


ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق دو گاڑیوں میں مردہ مرغیاں لے جانے کی ویجیلینس ٹیموں کی اطلاع پر کارروائی کی گئی ۔ مردہ مرغیوں کے گوشت کے سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

برآمد شدہ مردہ مرغیاں فلو،پھیپھڑوں اور آنکھوں سمیت متعدد بیماریوں کی وجہ سے ہلاک ہوئی تھیں۔ حرام اور ممنوعہ گوشت سپلائی کرنے پر شمشاد نامی سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ مضر صحت مردہ مرغیوں کا گوشت تیار کر کے مختلف ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔ مردہ گوشت کا خوراک میں استعمال نا صرف حرام ہے بلکہ متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتا تھا۔
Load Next Story