پاکستان تمام مذاہب کا احترام اور مذہبی سیاحت کی فروغ کو تسلیم کرتا ہے آرمی چیف

برطانوی سکھ فوجیوں کے 12 رکنی وفد کا جی ایچ کیو کا دورہ

آرمی چیف، فوٹو:فائل

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری پاکستان کی مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے لیے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی سکھ فوجیوں کے 12 رکنی وفد نے برطانوی فیلڈ آرمی کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل سیلیا جے ہاروی کی سربراہی میں جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

مہمانوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے، پاکستان مذہبی سیاحت کے فروغ کی ضرورت کو بھی تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری پاکستان کی مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے لیے غیر متزلزل عزم کا عملی مظہر ہے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے لاہور، مزارِ اقبال اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا جبکہ واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب دیکھی علاوہ ازیں برطانوی سکھ فوجیوں نے اپنے مذہبی مقامات کابھی دورہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق وفد نے دربار حضرت میاں میر، حویلی نونہال سنگھ، گوردوارہ جنم استھان گرو رام داس، سمادی رنجیت سنگھ ، گردوارہ ڈیرہ صاحب، کرتار پور کوریڈور، ننکانہ صاحب اور ڈیرہ پنجہ صاحب کا دورہ کیا۔

علاوہ ازیں وفد نے ضلع اورکزئی میں سمانہ قلعہ، لاک ہارٹ فورٹ اور سارہ گڑھی یادگار کا مشاہدہ کیا جہاں 1897 میں برطانوی مہم کے ایک حصے کے طور پر 21 سکھ سپاہیوں نے جانیں دی تھیں، برطانوی فوجیوں نے سارہ گڑھی یادگار پر چار چڑھائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے قبائلی اضلاع میں امن کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا۔
Load Next Story