دورئہ بنگلہ دیش میں پاکستانی ویمنزٹیم کو پہلی فتح نصیب ہوگئی

گرین شرٹس نے اولین ٹی20 مقابلے میں میزبان کو 13 رنز سے زیر کرلیا

اولین ٹی20 میچ میں میزبان کو 13 رنز سے زیر کر لیا،جویریہ خان کی شاندار ففٹی۔ فوٹو: فائل

دورہ بنگلہ دیش میں پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کو پہلی فتح نصیب ہو گئی، اولین ٹی20 میچ میں میزبان کو 13 رنز سے زیر کر لیا، جویریہ خان کی شاندار ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے گرین شرٹس نے 4 وکٹ پر 126 رنز بنائے، میزبان سائیڈ6 وکٹ پر113 تک محدود رہی۔


تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے دونوں مقابلوں میں میزبان ٹیم فاتح رہی تھی،ٹی20 سریز کا پہلا میچ گذشتہ روز شیخ کمال انٹرنیشنل اسٹیڈیم کوکس بازار میں کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم نے مقررہ اوورزمیں4 وکٹ پر126رنز بنائے، ابتدائی 2 وکٹیں صرف 12 رنز پر گرنے کے بعد جویریہ خان اور بسمہٰ معروف (39) کے مابین 109 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جویریہ خان 55 گیندوں پر 4 چوکوں سے سجی 58 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئیں، دیگر کوئی بھی بیٹسویمن دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہوسکی، میزبان ٹیم نے 11 وائیڈز سیمت 19 فاضل رنز دیے، جہاں آرا عالم، لتا مونڈل اور پونم گھوش نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

127 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی بنگلہ دیشی اوپنر شمینہ سلطانہ(18)اورعائشہ رحمان(12) نے 5.2 اوورز میں 30 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اگلی 8 گیندوں پر 3 وکٹیں گرنے کی وجہ سے نہ صرف رن ریٹ متاثر ہوا بلکہ بولرز کو حاوی ہونے کا موقع بھی مل گیا، 33 پر 3پلیئرز آئوٹ ہونے کے بعد فرغانہ حق (35) اور رومانہ احمد (16)نے اسکور کو 100 تک پہنچایا لیکن دونوں مطلوبہ رن ریٹ کو برقرار نہ رکھ سکیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم صرف6 وکٹیں گرنے کے باوجود مقررہ اوورز میں ہدف تک نہ پہنچ سکی اور 113 پر محدود ہوکر13 رنز کی شکست کا شکار ہوگئی، اسماویہ اقبال نے2 وکٹیں اپنے نام کیں، ثنامیر، ثانیہ خان اور انعم امین ایک ، ایک کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ سریز کا دوسرا اور آخری ٹی 20 میچ اسی میدان پر پیر کو کھیلا جائے گا۔
Load Next Story