انڈین ویلز ٹینس میں آذرنیکا کے قدم پہلی آزمائش ہی میں ڈگمگاگئے

بائیں پاؤں میں درد کی شدت کے سبب ان سے سرزد ہونے والے درجن بھر ڈبلز فالٹ کا فائدہ امریکی پلیئر لورین ڈیویس کو پہنچا

انڈین ویلزٹینس: لورین سے میچ کے دوران بیلاروسی اسٹار وکٹوریا آذرنیکا گھٹنے میں تکلیف سے پریشان۔ فوٹو: رائٹرز

انڈین ویلز اوپن ٹینس کے ویمنز سنگلز میں سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا کے قدم پہلی آزمائش میں ڈگمگاگئے، بائیں پائوں میں درد کی شدت کے سبب ان سے سرزد ہونے والے درجن بھر ڈبلز فالٹ کا فائدہ امریکی پلیئر لورین ڈیویس کو پہنچا، جنھوں نے ٹاپ 10 پلیئر میں سے کسی کیخلاف پہلی فتح حاصل کرلی۔

دوسری امریکی پلیئر ویرا لیپچنکونے 29 سیڈ ڈنیلا ہنچووا کو ہرا کر اپ سیٹ کردیا، مینز سنگلز فرسٹ رائونڈ میں رومانیہ کے وکٹر ہینسکو نے فرنچ کوالیفائر اسٹیفن روبرٹ کو 7-5،3-6 اور6-4 سے پچھاڑ کا سیکنڈ سیڈ نووک جوکووک سے مقابلے کا موقع حاصل کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز سیکنڈ رائونڈ مقابلوں میں ورلڈ نمبر4 انجرڈ وکٹوریا آذرنیکا کیخلاف امریکا کی66 ویں رینک پلیئر لورین ڈیویس کو کامیابی مل گئی، دوران میچ بائیں پائوں میں درد کی شدت کے سبب بیلاروسی پلیئر کیلیے اپنے شایان شان کھیل پیش کرنا ممکن نہیں رہا،وہ یہ مقابلہ 6-0،7-6(7/2) سے ہارگئیں، ان سے درجن بھر ڈبلز فالٹ بھی سرزد ہوئے، آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل سے اخراج کے بعد پہلے ٹورنامنٹ میں شریک ہونے والی آڈرنیکا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں طے شدہ پروگرام سے ایک ہفتے قبل ٹینس کورٹ میں واپس آگئی تاہم ڈیویس کو بھی اس فتح کا کریڈٹ ملنا چاہیے، ایسی صورتحال میں اتنا کلوز میچ جیتنا آسان نہیں ہوتا لیکن اس نے ایسا کردکھایا، ڈیویس کی یہ ٹاپ 10 پلیئر کیخلاف پہلی فتح ہے۔


انھوں نے تیسرے رائونڈ میں ہموطن ویرا لیپچنکو سے مقابلے کا اہتمام کرلیا، جنھوں نے دوسرے رائونڈ میں 29 سیڈ ڈنیلا ہنچووا کو ہرا کر اپ سیٹ کیا، انھوں نے2002 اور 2007 کی چیمپئن کیخلاف 84 منٹ میں 6-3 اور6-2 سے فتح پائی، سیکنڈ سیڈ پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا نے برطانوی کوالیفائر ہیتھر واٹسن کو پچھاڑ کر تیسرے رائونڈ میں قدم رکھ دیا، عالمی درجہ بندی میں بھی تیسری پوزیشن پر فائز اگنیسکا نے ایک گھنٹے24 منٹ کے مقابلے میں 134ویں رینک کی حامل واٹسن پر6-4 اور6-3 سے غلبہ پالیا، اگنیسکا اب جرمن پلیئر اینیکا بیک سے مقابلہ کریں گی، جنھوں نے30 سیڈ روس کی الینا ویسنینا کو 6-2 ، 3-6 اور6-3 سے ہرایا، کینیڈا کی جواں سال ایوگینے بوچارڈ نے چینی پلیئر پینگ شوئی کا قصہ6-2،6-2 سے تمام کردیا، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا نے یانیا وکمائر پر 6-3 اور6-4 سے ہاتھ صاف کرلیا،اطالوی کھلاڑی روبریٹا ونسی نے میڈیسن کیز کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-3 سے ہرایا۔2010 میں انڈین ویلز کی چیمپئن بننے والی جیلینا جینکووچ نے آسٹرین حریف یووینی میوسبرگر کو 6-3 اور6-1 سے زیر کیا، سارا ایرانی نے 71 منٹ میں کی جدوجہد میں کوالیفائر شیرون فنچ مین پر 6-1،6-1 سے غلبہ پالیا، کیرولین ووزینسکی نے سربیا کی بوجانا جونواسکی کو 6-1 اور6-3 سے قابو کرلیا۔

ویمنز ٹاپ سیڈ اور آسٹریلین اوپن فاتح لینا اپنی مہم کا آغاز ہفتے کو ہموطن ژینگ ژی کیخلاف میچ سے کریں گی، فورتھ سیڈ اور دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا کی پہلی حریف جرمن پلیئر جولیا گوریجس ہوں گی۔ دوسری جانب مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن رافیل نڈال ، تھرڈ سیڈ آسٹریلین اوپن فاتح اسٹینسلس واورنیکا ، ففتھ سیڈ اینڈی مرے اور 7 سیڈ راجرفیڈرر بھی دوسرے رائونڈ سے سفر شروع کریں گے، نڈال کا مقابلہ راڈک اسٹیپنک اور واورنیکا کا سامنا کروشین پلیئر ایوا کارلووک سے ہوگا، مرے کو جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کا چیلنج درپیش ہے، فیڈرر کی پہلی آزمائش فرنچ پلیئر پال ہنری میتھیو کیخلاف ہوگی، سنگلز فرسٹ رائونڈ میں رومانیہ کے وکٹر ہینسکو نے فرنچ کوالیفائر اسٹیفن روبرٹ کو 7-5،3-6 اور6-4 سے پچھاڑ کر سیکنڈ سیڈ نووک جوکووک سے مقابلے کا موقع حاصل کرلیا۔روس کے تیموریزگابا شیلوی نے فرنچ حریف نکولس مہاٹ کو 6-2 اور7-5 سے ٹھکانے لگایا، ہموطن نکولائی ڈیوڈنکو نے بیلجیئم کے ڈیوڈ گوفن پر 7-6 (7/5) ، 4-6 ، 7-6 (7/3) سے غلبہ حاصل کرلیا، فرانس کے جولین بینیٹو نے اسپینش حریف ڈینئیل مونوز کو3-6،6-1 اور6-3 سے ہرا دیا۔
Load Next Story