پھل فروش سے بھتہ طلب کی ویڈیو وائرل سب انسپکٹرسمیت 2 پولیس اہلکار معطل

خواجہ اجمیر نگری تھانے کے سب انسپکٹر نعیم اور 2 کانسٹیبلز اعجاز اور گلبہار کو معطل کردیا، پولیس

کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں پھل فروش سے بھتہ وصول کرنے کی ویڈیو وائرل اور انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر سب انسپکٹر اور 2 کانسٹیبلز کو معطل کردیا گیا۔

چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک پھل فروش کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو خواجہ اجمیر نگری تھانے کی موبائل میں سوار اہلکاروں کو برا بھلا کہہ رہا تھا اس دوران ایک شہری نے اپنے موبائل سے مذکورہ شخص کی ویڈیو بنالی۔

واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کی گئی تو اس نے بتایا کہ پولیس موبائل روز 50 روپے لیکر جاتی ہے اور 2 موبائلوں کو روز 100 روپے کہاں سے دوں، آج جب پیسے نہیں دیے تو مجھے پولیس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور موبائل وین بیٹھنے کا کہا۔


اس معاملے پر ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ پھل فروش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر انہوں ںے فوری نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی لیاقت آباد سے مذکورہ واقعہ کی غیر جانبدار انکوائری کرائی جس میں جرم ثابت ہونے پر خواجہ اجمیر نگری تھانے کے سب انسپکٹر نعیم اور 2 کانسٹیبلز اعجاز اور گلبہار کو معطل کردیا۔

علاوہ ازیں معروف عثمان ںے مزید بتایا کہ چند ماہ قبل رمضان المبارک میں سرسید ٹاؤن تھانے کی حدود نارتھ کراچی میں ٹھیلے والوں سے بھتہ وصول کرنے والے گلو سمیت 2 ملزمان اور تھانے کے منشی کو بھی گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا جبکہ ہیڈ محرر موقع سے فرار ہوگیا تھا جسے بعدازاں ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

 
Load Next Story