نامعلوم افراد کا گھر میں گھس کر حملہ باپ جاں بحق بیٹی زخمی

24 سالہ زینب زخمی حالت میں اسپتال منتقل، حالت خطرے سے باہر، پولیس نے تفتیش شروع کردی

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے لاش مردہ خانہ منتقل کردی (فوٹو فائل)

جوہر ٹاؤن کے علاقے میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر باپ بیٹی پر ڈنڈے برسا دیے، جس کے نتیجے میں 65 سالہ یوسف جاں بحق اور اس کی بیٹی زینب زخمی ہوگئی۔

پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش مردہ خانہ منتقل کی جب کہ 24 سالہ زینب کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ زخمی لڑکی کے مطابق دو نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور تشدد کیا۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔


قبل ازیں ایس پی صدر پولیس نے نفری اور فرانزک ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے تین نامعلوم ملزمان کے خلاف واقعے کا مقدمہ مقتول کی دوسری بیٹی آمنہ یوسف کی مدعیت میں درج کرلیا۔

مقتول کی دوسری بیٹی نے ایف آئی آر میں لکھوایا ہے کہ میرے والد نے مجھے واٹس ایپ کال کرکے بتایا کہ تین ملزمان میرے گھر میں گھس آئے ہیں۔ جب میں اپنے شوہر کے ہمراہ والد کے گھر آئی تو میرے والد کی لاش گھر میں پڑی تھی جب کہ ملزمان نے میری بہن زینب یوسف کو بھی ڈنڈوں اور دیگر آہنی راڈ سے تشدد کرتے ہوئے زخمی کردیا۔

ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔
Load Next Story