حکومت کا پاکستان کی 75ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

ملی نغموں کا مقابلہ جیتنے والے امیدوار کا ملی نغمہ 11 سے 14 اگست تک قومی نشریاتی رابطے پر نشر ہوگا

فوٹو فائل

حکومت نے قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے ملی نغموں کے مقابلے میں جیتنے والے کا ترانہ پی ٹی وی پر نشر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی پر منعقد ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کا مشترکا اجلاس منعقد ہوا جس میں قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پلان کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈائمنڈ جوبلی (75 ویں سالگرہ) کے جشن کو قومی یک جہتی، اتحاد اور یگانگت کے فروغ کا یادگار موقع بنایا جائے گا. تقریبات میں ملک بھر کی تمام ثقافتوں اور وفاق پاکستان کے تمام رنگوں کو شامل کیا جائے گا اور نوجوانوں کی جشن آزادی تقریبات اور مقابلوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائےگی.

اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات اور آئی ایس پی آر کی طرف سے 75 سالہ تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جشن آزادی کے موقعے پر ملی نغموں کے مقابلے اور اس میں حصہ لینے والوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، ملی نغمے کے مقابلوں میں حصہ لینے کی تاریخ 30 جون مقرر کی گئی تھی۔


اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم سے 9 جولائی تک مقابلوں میں شریک ہونے والوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا اور ان امیدواروں کو اسلام آباد بلایا جائے گا جب کہ مقابلہ جیتنے والے امیدوار کا ملی نغمہ 11 سے 14 اگست تک قومی نشریاتی رابطے پر نشر ہو گا۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ دنیا بھر میں تمام پاکستانی سفارت خانوں میں بھی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ملک گیر تقریبات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور قومی تقریبات کی تیاریوں میں مصروف ٹیموں اور ڈیپارٹمنٹس کے جذبے کی تعریف کی۔

 
Load Next Story