گورنر ہاؤس میں کلچرل جرنلسٹس فاونڈیشن آف پاکستان کی تقریب حلف برداری

پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض شاعر، کالم نگار اور میزبان سید وصی شاہ نے انجام دیئے

مہمانوں کی آمد تقریب سے ایک گھنٹہ قبل ہی شروع ہوگئی تھی جنہیں خوش آمدید کہنے کے لئے کلچرل فاونڈیشن کے عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔

کلچر کی پروموشن کے لئے ماضی میں بڑ ی تنظیمیں بنیں جو ایک عرصہ سے متحرک نظر نہیں آرہی تھیں،موجودہ حالات میں مہنگائی ، دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ہر دوسرا آدمی شدید ڈپریشن کا شکار ہے ۔ ایسے میں ثقافتی سرگرمیاں ہی ہیں جو انہیں ریلیف دے سکتی ہیں۔

یہ بھی ملکی صورتحال کے پیش نظر ان کا دائرہ کار بھی محدود ہوچکا ہے ۔ اس مقصد کے لئے دوسال قبل شوبز صحافیوں نے کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان (پرنٹ میڈیا) کے نام سے تنظیم بنائی۔ جو فن وثقافت کو پروموٹ کرنے کے ساتھ شوبز صحافیوں اور فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے جسے ہر سطح پر سراہا جارہا ہے ۔ گذشتہ دنوں کلچرل جرنلسٹس فاونڈیشن آف پاکستان(پرنٹ میڈیا) کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی۔ جس میں فنون ولطیفہ کے علاوہ الیکٹرانک ، پرنٹ میڈیا کے سنیئر صحافیوں اور تجزیہ نگاروں کو مدعو کیا گیا تھا۔



مہمانوں کی آمد تقریب سے ایک گھنٹہ قبل ہی شروع ہوگئی تھی جنہیں خوش آمدید کہنے کے لئے کلچرل فاونڈیشن کے عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔ فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں اداکار شان، نشو بیگم، سنگیتا، شاہدہ منی، سیدنور، عرفان کھوسٹ، سہیل احمد، شہزادرفیق، امان اللہ، اعجاز کامران، غفوربٹ، قیصر ثناء اللہ، پرویزکلیم، یامین ملک، یاسین ملک، نورالحسن، میگھا، زارااکبر، فیاض خان، جاوید اقبال، محسن شوکت، مدھو، رفاقت علی خاں، نادیہ علی، دردانہ رحمان، شین، ماہم رحمان ، کے ایس کاظمی، ثومیہ خان، اسلم ڈار، شفق علی، بابربٹ، مسعود بٹ، سہیل خان، نادرمنہاس، مریم علی حسین، عابدہ عثمانی، جسی سنگھ، راحیل باری، خرم باری، مون پرویز، حیات سیف، ضوریزلاشاری، اورنگزیب لغاری، اخترشاد، سلیم شاد، محمد علی بلوچ، ذوالفقار علی ذلفی، شمسہ کنول، اچھی خان، ناصرنقوی، حمزہ پاشا،جونی ملک، عائشہ جاوید، صفدرخان، حاجی عبدالرشید شامل تھے۔



جبکہ پنجاب حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد، ایم پی اے کنول نعمان، ایم پی اے حنا پرویز بٹ، ایم پی اے میاں اعجاز شفیع موجود تھے' ایرانی قونصل جنرل بنی حسین اسدی، سینئرجرنلسٹ خاورنعیم ہاشمی، سہیل وڑائچ، ذوالفقارراحت نے بھی خصوصی شرکت کی۔ یہ پروقار اور یادگار تقریب گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی آمد کے ساتھ ہی تین بجے شروع ہوگئی ۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض شاعر، کالم نگاراورمیزبان سید وصی شاہ نے سنبھال لئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اورنعتیہ کلام سے کیا گیا ۔ جس کے بعد کلچرل جرنلسٹس فاونڈیشن آف پاکستان (پرنٹ میڈیا) کے صدر طاہر بخاری نے سپاسنامہ پیش کیا ، جس میں انہوں نے فاونڈیشن کے اغراض ومقاصد بتائے جس کے بعد انہوں نے کہا ہم گورنر پنجاب کا بے حد شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہماری حلف برداری تقریب کے مہمان خصوصی کی دعوت قبول کرنے کے ساتھ گورنر ہاؤس میں ہی اس یادگار تقریب کا اہتمام کیا ہے۔




ہم اپنے معزز مہمانوں کے بھی بے حد مشکور ہیں جواپنی مصروفیات سے وقت نکال کر ہماری حوصلہ افزائی کے لئے آئے ہیں۔ سید نور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب نے شوبز صحافیوں سمیت ہمارے دل بھی جیت لئے ہیں ،انہوںنے کہا وہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے اکیڈمی کا قیام بہت ضروری ہے جس میں فلم میکنگ میں آنیوالے نئے لوگوں کو تربیت دینے کے ساتھ ان کا دنیا بھر سے رابطہ بھی ممکن ہو ۔اداکار شان شاہد نے کہا کہ رشتوں کے لئے راستوں کا تعین کرنا بھی بہت ضروری ہے کیونکہ جب تک راستے صحیح نہیں ہونگے اس وقت تک رشتے بھی مضبوط نہیں ہوسکتے۔

ہم فلم انڈسٹری کی بقاء کے لئے جوجنگ لڑ رہے ہیں اس جنگ میں ہمارے دوست جو حلف اٹھا رہے ہیں کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے نہ صرف درست راستوں کا انتخاب کرینگے بلکہ اس جنگ ہمارا بھرپور ساتھ دینگے ۔ایم پی اے کنول نے کہا کہ فنکار ہونے کی حیثیت سے فنکار برادری کے مسائل کو اچھی طرح جانتی ہوں ،میری کوشش ہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے انہیں ریلیف دلا ؤں۔



اس حوالے سے کلچرل جرنلسٹس فاونڈیشن بھی ہماری بھرپور معاونت کر رہی ہے ۔منتخب ہونیوالے عہدیداران اور ممبران کو مبارکباد دینے کے ساتھ امید کرتی ہوں کہ وہ فن وثقافت کی ترقی وترویج کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ سنیئر صحافی خاورنعیم ہاشمی نے کہا کہ یورپ سمیت پوری دنیا اپنے سالانہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ فنون لطیفہ کے لئے بھی بجٹ رکھا جاتا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ملک کو تعلیم یافتہ بنانے کے ساتھ کلچر کا فروغ بھی ضروری ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جہاں فن وثقافت کے لئے بجٹ میں ایک پائی بھی نہیں رکھی جاتی۔ اداکار وکمپیئر سہیل احمد نے کہا کہ گورنر پنجاب نے جس طرح سے شوبز صحافیوں اور فنکاروں کو گورنر ہاؤس بلا کر جو عزت دی ہے میں چاہتا ہوں کہ وہ اسی طرح فلم انڈسٹری کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔

سنیئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ میری پسندیدہ چیز ثقافت ہے اور آج گورنر ہاؤس میں فن وثقافت سے تعلق رکھنے والے ہی لوگ موجود ہیں جنہیں یہاںاکٹھا دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد نے کہا کہ کلچرل فاونڈیشن کا مشکور ہوں کہ انہوں نے احساس دلایا کہ کلچر کو بھی پروموٹ کرنا ہے، میں فاونڈیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ فن وثقافت کے فروغ کے لئے اچھی اچھی تجاویز دیں تاکہ اس میں پائی جانیوالی خامیوں کو ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ ہدایتکارہ سنگیتا ، زوریز لاشاری، ذوالفقار راحت سمیت دیگر لوگوں نے بھی عہدیداران اورممبران کو مبارکبا د دی۔



تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ فن وثقافت کے فروغ کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ فنون لطیفہ سے وابستہ صحافی برادری اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے پاکستانی کلچر اور فن کے فروغ کیلئے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان (پرنٹ میڈیا) کو جب بھی ہماری ضرورت پیش آئے گی ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ شوبز جرنلسٹ اس ملک کے فن وثقافت کے امین ہیں اوران کو پاکستانی ثقافت کوفروغ دینے کیلئے پہلے سے زیادہ بڑھ کرذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینا ہونگے۔

اس موقع پرگورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان کے منتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ صدر طاہر بخاری، جنرل سیکرٹری ٹھاکر لاہوری کے علاوہ سنیئر نائب صدر شجرالدین، جوائنٹ سیکرٹری جاوید یوسف، فنانس سیکرٹری وقار اشرف، نائب صدر زین العابدین مدنی سمیت حسن عباس زیدی، اشفاق حسین، ظہیر شیخ اور نصیر احمد نے گورنرپنجاب سے اپنے عہدوں کا حلف لیا۔
Load Next Story