کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی

سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس مسرور پر 56 ملی میٹر ریکارڈ، عید کے پہلے روز شہر میں پھوار اور بونداباندی ہونے کی توقع

شہر میں عید کے پہلے اوردوسرے روز ہلکی بارش ہوسکتی ہے،محکمہ موسمیات:فوٹو:فائل

RAWALPINDI:
کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے اولڈ سٹی ایریاز کے نشیبی علاقوں اور ڈی ایچ اے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس مسرور پر 56 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، اتوار کو شہر میں پھوار اور بونداباندی ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان، بھارت اور خلیج بنگال سے سندھ میں داخل ہونے والے مون سون سلسلوں کی شدت ساتویں روز بھی برقرار رہی، ہفتے کو مذکورہ سسٹم شہر کے ساحلی مقام اور اولڈ سٹی ایریا میں جم کر برسا، نتیجے میں بیشتر علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

ڈیفنس کے مختلف علاقوں خیابان شہباز کمرشل، سن سیٹ بلیوارڈ، خیابان سحر، خیابان نشاط، فیز4،5 اور6، سب میرین انڈرپاس، پی آئی ڈی سی، خلیق الزماں روڈ، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، لائٹ ہاؤس، کالا پل، عبداللہ ہارون روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ، نشترروڈ، صدر جی پی او، شیرشاہ کالونی اور مارکیٹ کیماڑی سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کی صورتحال پیدا ہوئی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو سب سے زیادہ بارش پی اے ایف بیس مسرور پر 56 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 38.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، کیماڑی 13.4، اورنگی 2.8، ناظم آباد 2.7، پی اے ایف بیس فیصل 2.5، جناح ٹرمینل 1.6، اولڈ ائرپورٹ1.1، گلشن حدید میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔


چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا سسٹم اس وقت جنوب مشرقی اور مشرق میں سمندر پر موجود ہے تاہم بارشوں کا سلسلہ گذشتہ دنوں کے مقابلے میں کچھ حدتک تھمنے کی امید ہے، آج عید کے پہلے روز شام کے وقت شہر میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے، عید قرباں کے دوسرے اور تیسرے روز بھی ہلکی بارش اور پھوار کا امکان برقرارہے، 13 جولائی کو مون سون کا ایک اور سسٹم سینٹرل انڈیا سے داخل ہوگا جس کے متعلق اگلے چندروز کے دوران بہتر پیش گوئی ممکن ہوگی۔



محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں مون سون کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کراچی میں گزشتہ شام موسلادھار بارش ہوئی، موسلادھار بارش کا سلسلہ کم ہونے کا امکان ہے، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، عمرعکوٹ، ٹنڈو محمد خان، دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، سکھر، خیرپور، گھوٹکی، کشمور، تھرپارکر اور میرپورخاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔


اگلے دو سے تین روز کے دوران ان اضلاع میں معتدل/ہلکی بارش ہوسکتی ہے، ان مسلسل بارشوں سے کراچی، بدین، ٹھٹھہ، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان اور عمرکوٹ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔


تین تا آٹھ جولائی سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 184 ملی میٹر ریکارڈ


محکمہ موسمیات کے مطابق تین جولائی سے آٹھ جولائی تک بارشوں میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 184.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔سرجانی ٹاؤن میں 144 ملی میٹر، پی اے ایف بیس فیصل پر113، نارتھ کراچی میں 100.2، اولڈ ائیرپورٹ پر 91.9، ناظم آباد میں 91.5، پی اے ایف بیس مسرور پر74.1، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 71.6 ملی میٹر، گلستان جوہر میں 69.8 ملی میٹر، جامعتہ الرشید (گلشن معمار) میں 65.2 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 60.6، کیماڑی 49.6، گڈاپ ٹاؤن 47.8 جبکہ اورنگی ٹاؤن میں 47.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ جمعہ کو سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 102.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعہ کی صبح 8 بجے تا رات 11 بجے تک جاری بارش کے اعداد و شمارکے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 102.7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اولڈ ائیرپورٹ 53 ، فیصل بیس میں 46، جناح ٹرمینل پر 38.8 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

یونیورسٹی روڈ 27.6 ، قائداباد میں 25.5، ناظم آباد 20.4 ملی میٹر، گڈاپ 15، ڈی ایچ اے 10.5، سعدی ٹاؤن 9.1 ، بیس مسرور 16 ،کیماڑی 8 ملی میٹر،سرجانی ٹاؤن 7.2 ، گلشن معمار 6.6 ملی میٹر، نارتھ کراچی 5.3 اور اورنگی ٹاؤن 5.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی.
Load Next Story