عمران خان ایک کھلاڑی تھا مگر اس نے نفرتوں کی بنیاد رکھی احسن اقبال

اپنے ساتھ بدتمیزی کی ایف آئی آر عوام کی عدالت میں درج کرواؤں گا کہ ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کریں، وفاقی وزیر

واقعے کی ایف آئی آر عوام کی عدالت میں درج کرواؤں گا کہ ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کریں، وفاقی وزیر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اپنے ساتھ بدتمیزی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پارٹی سیکرٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے پی ٹی آئی کی حامی فیملی نے میرے ساتھ گالم گلوچ کی، مہنگائی اور معاشی مشکلات چند ماہ یا سال میں ختم ہوجائیں گی، مگر جو نفرتوں کا بیج بو رہے ہیں یہ افسوس ناک ہے، عمران خان ایک کھلاڑی تھا مگر اس نے نفرتوں کی بنیاد رکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے میری شہرت کو کوئی نقصان نہیں ہوا، میرے پاس دو راستے تھے قانونی فوج داری کارروائی کرتا لیکن خواتین و بچوں کی وجہ سے کارروائی نہیں کروں گا، میں اس کی ایف آئی آر عوام کی عدالت میں درج کرواؤں گا کہ اس قسم کے رویوں کی حوصلہ شکنی کریں، اگر ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی نہ کی تو پاکستان میں بھی لبنان کی طرح خانہ جنگی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کو دیکھ کر لوگوں نے چور چور کے نعرے لگادیے

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہمدرد ٹھنڈے دماغ سے سوچیں وہ لیڈر کی محبت میں جاہلانہ کارروائی کررہے ہیں ، وہ لیڈر جو سیاسی ایجنڈے کےلئے انہیں استعمال کرکے نامناسب رویہ اختیار کروا رہا ہے، چند سال پہلے ایک نوجوان نے نفرت انگیز پروپیگنڈہ میں مجھے گولی ماری جو آج بھی جسم میں موجود ہے، معاشرے سے نفرت انتہاپسندی کے خاتمے کی تدبیریں سوچتا ہوں ، جب معاشرہ نفرت و انتہا پسندی میں مبتلا ہو جائے تو اس سے نکلنے میں صدیوں لگتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نفرت کا زہر معاشرے میں پھیلا رہا ہے، عمران نیازی نے اپنے ہر محسن ماجد خان، نوازشریف ، جہانگیر ترین ، علیم خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، اگر نفرت و انتہا پسندی کو معاشرے سے ختم نہ کیا تو یہ لاعلاج بیماری کی شکل اختیار کر جائے گی، بیرون ملک پاکستانی مجھ سے محبت کرتے ہیں خاموش اکثریت نے مجھے میسجز بھیجے ہیں، ہر طبقہ کے لوگوں نے اس واقعے کی مذمت کی۔


یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری کا احسن اقبال کو عوام میں جاتے ہوئے برقع پہننے کا مشورہ

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ عمران خان نے چار سال میں میرے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کی، مجھ پر نارروال ضلع میں کھیلوں کا کمپلیکس بنانے پر من گھڑت کیس بنایا ، اس گناہ پر شرمندگی نہیں یہ گناہ دوبارہ کروں گا ،میں نے 32 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ، مجھ پر اگر 32روپے کی کرپشن ثابت کردیں تو قوم کا مجرم ہوں، اب عمران خان قیامت تک سڑکوں پر دھکے کھائے گا مگر اقتدار میں نہیں آئے گا۔

عمران خان کے ساتھ بچپن میں کیا واقعہ ہوا جو ہر وقت غصہ میں رہتے ہیں

احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی اپنے کارکنوں کی تربیت کرنے میں ناکام ہوگئے، ان کے ساتھ بچپن میں کیا واقعہ ہوا جو ہر وقت کردار کشی کرتے اور غصہ میں رہتے ہیں، بد تہذیبی کو فروغ دینا نہیں چاہتا ، ریاست مدینہ کی پہچان بدتمیزی نہیں بلکہ خوش اخلاقی و فراغ دلی کا درس ہے، عمران خان کے ہمدرد ٹھنڈے دل سے سوچیں اور ٹھوس بنیاد پر رائے قائم کریں ، جھوٹی تقریروں پر رائے قائم نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے آئی ایم ایف ہم پر اعتماد نہیں کررہا، اب آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات ٹھیک چل رہے ہیں، معاہدہ ہوگا اور اگست سے پہلے سب معاملات طے پا جائیں گے۔

 
Load Next Story