سہراب گوٹھ پتھارے اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

300 سے زائد پتھارے کیبن، ٹھیلے ، ہوٹلز، دکانیں اور ناکارہ گاڑیوں کے ڈھانچے ہٹا دیے

سہراب گوٹھ پر بڑے پیمانے پر قائم تجاوزات کو مسمار کیے جانے کے بعد لوگ اپنا بچا کھچا سامان سمیٹ رہے ہیں۔ (فوٹو ایکسپریس)

سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے ارد گرد تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن کیا گیا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسداد تجاوزات کی ٹاسک فورس نے 300 سے زائد پتھارے کیبن، ٹھیلے ، جھگی، ہوٹلز، پختہ و نیم پختہ دکانیں اور مختلف اقسام کی چھوٹی بڑی ناکارہ گاڑیوں کے ڈھانچے ہٹا دیے جبکہ ناجائز طور پر قائم بس اسٹاپس کا خاتمہ کردیا، علاقہ کی حساس نوعیت کے پیش نظر سیکیورٹی کے بھر پور انتظامات کیے گئے تھے جس کے باعث کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہ کرنا پڑا، آپریشن کی نگرانی چیئرمین ٹاسک فورس اینٹی انکروچمنٹ بلال منظر اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ مظہر خان نے کی۔


بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر کارروائی میں حصہ لیا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوسرے مرحلے میں سہراب گوٹھ سے ٹول پلازہ تک تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا،اس موقع پر بلال منظر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سہراب گوٹھ سے ٹول پلازہ تک آپریشن کیا جا رہا ہے اور تجاوزات کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائی جاری رہے گی۔

 
Load Next Story