کولمبو میں پاکستانی کرکٹرز ہوٹل تک محدودہوگئے

ساتھ موجود شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ میں بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی

فوجی جوان حفاظت پر مامور،ہوٹل کے باہر بھی مظاہرین گذرتے نظر آنے لگے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

کراچی:
کولمبو میں پاکستانی کرکٹرز کو ہوٹل تک محدود کر دیا گیا، ساتھ موجود شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ میں بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

کولمبو میں احتجاجی مظاہروں کے سبب حالات کافی بگڑ چکے ہیں، گذشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن بھی منسوخ کر دیا گیا تھا، ٹیم مینجمنٹ کے ایک رکن نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو ہوٹل تک محدود کر دیا گیا ہے، اس سے پہلے وہ ساتھ واقع شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ چلے جاتے تھے مگر اب انھیں اپنے ہوٹل میں ہی کھانا کھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

فوجی جوان مہمان اسکواڈ کی حفاظت پر مامور ہیں، باہر جانے سے قبل پیشگی اطلاع دینا ضروری ہے، سیکیورٹی کی ایک گاڑی آگے چلتی ہے،ہفتے کو مظاہرین ہوٹل کے سامنے سے گذرتے رہے اور نعروں کا شور پاکستانی کرکٹرز بھی سنتے رہے مگر انھیں کوئی تشویش نہیں تھی۔


ٹیم ذرائع کے مطابق سری لنکا کے معاشی حالات خاصے ابتر ہیں، ہم نے خود پیٹرول پمپس کے باہر 3کلومیٹر طویل گاڑیوں کی لائنیں دیکھیں، بجلی بھی دستیاب نہیں، البتہ ہوٹل میں جنریٹرز کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی دستیاب ہے، انھوں نے کہا کہ اس ہوٹل میں پاکستان ٹیم پہلے بھی قیام کر چکی ہے، شاپنگ مال میں اب کھانے پینے کی 2 ہی دکانیں بچی ہیں مقامی افراد کے مطابق باقی حالات کی وجہ سے بند ہو چکیں، لوگ حکومت سے ناراض ہیں مگر پاکستانی ٹیم کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلاتے ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا کھلاڑی حالات سے خوفزدہ ہیں آفیشل نے کہا کہ ہم پاکستان میں فائرنگ، بم دھماکے کیا کچھ نہیں دیکھ چکے، اس لیے اب ایسے مظاہروں سے کوئی نہیں ڈرتا، ویسے بھی ٹیم کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

سری لنکا میں کوویڈ کی احتیاطی تدابیرکے حوالے سے بھی کوئی پابندی نہیں ہے، پاکستانی کرکٹرز ماسک بھی نہیں پہن رہے، صرف ایک ٹیسٹ آمد پر ہی لیا گیا جس میں مساجر ملنگ علی کا نتیجہ مثبت آیا تھا، اس پر بھی سب کو بیحد حیرت ہوئی تھی۔

 
Load Next Story