نئے مالی سال کا پہلا ہفتہ اسٹاک ایکسچینج میں مندی ڈالر کی اڑان جاری رہی

انڈیکس کی 41600، 41500 اور 41400 پوائنٹس کی 3 حدیں گر گئیں، سرمایہ کاروں کے 21 ارب 26 کروڑ روپے ڈوب گئے

انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 3.06 روپے بڑھ کر 207.90 روپے کی سطح پر آ گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 208.50 روپے کی سطح پر آ گیا ۔ فوٹو: فائل

مالی سال 2022-23 کے پہلے ہفتے میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں محدود اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی، دوسری جانب ڈالر کی اڑان کا تسلسل برقرار رہا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی ہفتے میں اسٹاک ایکس چینج محدود اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا شکار رہا، مجموعی طور پر مندی کے سبب انڈیکس کی 41600، 41500 اور 41400پوائنٹس کی 3 حدیں بھی گرگئیں۔

گزشتہ ہفتے کے چار روزہ کاروبار میں مندی سے سرمایہ کاروں کے 21 ارب 26 کروڑ 88 لاکھ 72 ہزار 55 روپے ڈوب گئے جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 69 کھرب 41 ارب 54 کروڑ 93 لاکھ 19ہزار 153 روپے ہوگیا۔

آئی ایم ایف پروگرام میں ممکنہ شمولیت سے ہفتہ وار کاروبار کے بعض سیشنز میں محدود تیزی بھی ہوئی لیکن عید الاضحی کی طویل تعطیلات قرضوں کے شرح سود میں مزید اضافے اور بڑی کمپنیوں پر دس فیصد سپر ٹیکس نافذ ہونے سے ان کے منافع پر مرتب ہونے والے منفی اثرات نے کاروباری سرگرمیوں کومتاثر کیا۔


دریں اثنا نئے مالی سال کے پہلے ہفتے میں بھی ڈالر کی اڑان کا تسلسل برقرار رہا اور گذشتہ ہفتے انٹربینک میں ڈالر، پاؤنڈ ، یورو کی قدر میں اضافہ رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر اور یورو کی قدر میں اضافہ ہوا۔

ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹر بینک ریٹ 205، 206 اور 207 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 206، 207 اور 208 روپے سے بڑھ گئے۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 3.06روپے بڑھ کر 207.90 روپے کی سطح پر آ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3.50 روپے بڑھ کر 208.50 روپے پر آ گئی۔ اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 50 پیسے بڑھ کر 248.97 روپے ہو گئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 2روپے گھٹ کر 250 روپے ہو گئی۔

 
Load Next Story