بے رحم ماں نے پلاسٹک سرجری کے لیے نومولود فروخت کردیا

33 سالہ ماں نے ناک کی سرجری کرانے کے لیے صرف 3600 ڈالر کے بدلے نومولود بچہ فروخت کیا

روسی ماں نے ناک کی پلاسٹک سرجری کے لیے نومولود بچہ 3600 ڈالر میں فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ فوٹو: میٹرو

روس میں ایک بے رحم اور سنگ دل ماں نے اپنی ناک کی پلاسٹک سرجری کرانے کے لیے ایک بچہ فروخت کردیا ہے جس کے بدلے انہوں نے 3600 ڈالر کی رقم حاصل کی ہے۔

بعض ذرائع ابلاغ کے مطابق 33 سالہ ماں کا نام راز میں رکھا گیا ہے اور خاتون کو مئی کے آخر میں انسانی خریدوفروخت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعض اطلاعات کے مطابق خاتون نے 25 اپریل کو ایک لڑکے کو جنم دیا تھا اور صرف پانچ روز کی عمر کا بچہ ایک بے اولاد جوڑے کو فروخت کیا تھا۔

خاتون نے دو لاکھ روبل یا 3600 ڈالر کے بدلے اپنا بچہ ایک بے اولاد گھرانے کے حوالے کیا تھا اور رقم ملتے ہی بچے پر اپنے دعوے سے دستبردار ہوگئی تھی۔ پہلے روز اسے 360 ڈالر کی رقم ملی اور چار ہفتے بعد باقی رقم بھی موصول ہوگئی۔


تاہم ایک نامعلوم فرد نے پولیس کو یہ سارا ماجرا کہہ سنایا جس کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرکے خاتون کو گرفتارکرلیا ہے۔ خاتون نے تھانے میں اعتراف کیا کہ اس نے بچہ فروخت کیا تھا اور پیدائشی سرٹفکیٹ بھی لے پالک والدین کے حوالے کردیا تھا۔

خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی ناک سے خوش نہ تھیں اور سرجری سے بنیادی خدوخال تبدیل کرانا چاہتی تھیں جس کے لیے انہوں نے بچے کو فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
Load Next Story