سندھ میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے شرجیل میمن

اے این پی اور قومی عوامی تحریک کے رہنماؤں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، وزیر اطلاعات

سندھ صوفیا اور امن پسندوں کی دھرتی ہے ، ماحول خراب نہیں ہونے دیں گےِ صوبائی وزیر (فوٹو فائل)

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

دو روز قبل حیدر آباد میں پیش آنے والے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ اے این پی رہنما شاہی سید اور قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو سے رابطہ کر کے سندھ میں امن و بھائی چارے کے قیام میں مثبت کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔دونوں رہنماؤں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


شرجیل میمن نے کہا کہ افسوس ناک واقعات میں ملوث چند ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ کوئی بھی شر پسند قانون ہاتھ میں لے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد واقعے میں قتل ہونے والے نوجوان کے ایک قاتل کو گرفتار کرنے کے علاوہ واقعہ کے بعد کاروباری املاک کو نقصان پہنچانے والے نوجوانوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام اور امن پسندوں کی دھرتی ہے ۔ یہاں کے پر امن ماحول کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا ۔
Load Next Story