اب نیٹ فلکس پر بھی اشتہارات دکھائے جائیں گے

نیٹ فلکس نے اشتہارات دکھانے کے لیے مائیکرو سافٹ سے شراکت داری کرلی

نیٹ فلکس نے مئی میں ایک کم قیمت اشتہارات پر مبنی پیکج لانے کا اشارہ دیا تھا(فائل فوٹو)

RAHIM YAR KHAN:
دنیا کے مقبول ترین ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے اشتہارات کے لیے مائیکرو سافٹ سے شراکت داری کرلی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹریمنگ کمپنی نے اشتہارات پر مبنی ایک سستا پیکج متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کم قیمت آپشن کو متعارف کرانے پر مائیکرو سافٹ کمپنی گلوبل ایڈورٹائزنگ ٹیکنالوجی اینڈ سیلز پارٹنر بن جائے گی۔


نیٹ فلکس کے سی او او گریگ پیٹرز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ابھی اس حوالے سے کافی کام ہونا باقی ہے مگر ہمارا طویل المعیاد مقصد ہے اپنے صارفین کو زیادہ آپشنز فراہم کرنا'۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اشتہاری کمپنیاں ہمارے ساتھ مل کر نیٹ فلکس کے ایکوسسٹم میں اشتہارات لاسکیں گی۔

واضح رہے کہ ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے مئی میں ایک کم قیمت اشتہارات پر مبنی پیکج لانے کا اشارہ دیا تھا اور جون میں اس کی تصدیق بھی کی گئی تھی تاہم یہ پیکج کب متعارف کروایا جائے گا اس کی حتمی تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی لیکن کہا جارہا ہے کہ 2022 کے آخر تک اسے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
Load Next Story