پی ٹی آئی قیادت کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل

عدالتی فیصلے میں واضح ہے کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، صدر ، وزیراعظم نے آئینی عہدوں کی تذلیل کی، وزیر اطلاعات

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کے فیصلے سے آئین کی بالادستی قائم ہوگی، وفاقی کابینہ

WASHINGTON:
کابینہ ارکان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین کی بالادستی قائم ہوگی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں پہنچے تو انہوں نے فردا فردا تمام وزراء سے مصافحہ کیا۔

کابینہ ارکان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر مبارک باد دی، تو وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے کہا کہ اللہ کرے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: بیرونی مداخلت کا ثبوت نہیں دکھایا گیا، ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کا تفصیلی فیصلہ


اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتحادی جماعتوں سمیت وفاقی کابینہ کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے آئین کی بالادستی قائم ہوگی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کی، اس فیصلے میں اٹھائے گئے نکات پر عمل درآمد اور آرٹیکل 6 (سنگین غداری) کی کارروائی کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قائم اس خصوصی کمیٹی میں وزیر داخلہ، اطلاعات، وفاقی وزرا اور تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندگی شامل ہوگی، یہ کمیٹی اپنی تجاویز آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ اور عوام کے حق حکمرانی پر شب خون مارنے کا یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے روک دیا جائے، کمیٹی عدالتی فیصلے کی روشنی میں اقدامات تجویز کرے گی۔

آرٹیکل 6 کی کارروائی کن افراد کے خلاف کی جائے گی ، اس حوالے سے سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتی فیصلہ واضح ہے جس میں نام درج ہیں کہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، صدر ، وزیراعظم نے آئینی عہدوں کی تذلیل کی، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیشہ کے لیے اس آئین شکنی و سرکشی کو ختم کرنے کےلیے کمیٹی تجویز پیش کرے گی اور کابینہ اس کی منظوری دے گی۔
Load Next Story