کراچی نالے میں بہہ جانے والے ننھے بچے کی تلاش تاحال جاری

اتوار کو بارش میں نالے میں شہری موٹرسائیکل سمیت نالے میں گرگیا تھا، بیوی بھی جاں بحق ہوگئی تھی

(فوٹو : فائل)

شادمان ٹاؤن کے نالے میں بہہ جانے والے ننھے بچے اذلان کی تلاش تاحال جاری ہے، واقعے میں شہری دانش، ان کی اہلیہ اور دو بچے موٹر سائیکل سمیت بہہ گئے تھے۔

ایکسپریس کے مطابق اتوار کو موسلا دھار بارش کے دوران شادمان ٹاؤن نمبر دو میں موٹر سائیکل سوار فیملی نالے میں گرگئی تھی۔ واقعے کے فوری بعد ایدھی رضا کاروں نے موٹرسائیکل سوار دانش اور اس کی تین سالہ بچی زویا کو بچالیا تھا جبکہ اہلیہ کی لاش اور موٹرسائیکل کو بھی جدوجہد کے بعد نکال لیا تھا لیکن ڈھائی ماہ کے اذلان کا کوئی سُراغ نہ مل سکا تھا۔

رات گئے تک ایدھی رضا کاروں نے بچے کی تلاش کی لیکن کامیابی نہ ملی جس کے بعد صبح کے اوقات میں پاک نیوی کی ٹیم بھی ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ویلفیئر رضا کاروں کے ہمراہ سرچ آپریشن میں شریک ہوگئی۔

ایدھی حکام کے مطابق گزشتہ رات نالے کا بہاؤ تیز تھا جس میں اذلان بہہ گیا ہوگا، بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث نالہ اور سڑک برابر ہوگئے تھے، نالے کے گرد کوئی حفاظتی دیوار یا چھت موجود نہیں، سڑک پر اندھیرا تھا۔


ایدھی حکام کے مطابق اب تک نصف کلومیٹر سے زائد نالے کو سرچ کیا جاچکا ہے، شادمان ٹاؤن سے گزرتا برساتی نالہ، مین روڈ کے نالے تک سرچ کیا جاچکا ہے، شبہ ہے کہ بچہ پانی کے تیز بہاؤ کے باعث آگے نکل گیا ہے۔

یہ پڑھیں : شادمان ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار فیملی نالے میں گرنے سے خاتون جاں بحق،بچی کی تلاش جاری

ایدھی حکام کے مطابق نالے کی سرچنگ کے دوران کافی مقدارمیں کچرا بھی نکالا گیا ہے، ایدھی فاؤنڈیشن کا عملہ متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں اور انہیں وقتا فوقتاً آگاہ کررہا ہے۔

واضح رہے کہ متاثرہ خاندان اورنگی ٹاؤن کا رہائشی اور رشتے داروں سے مل کر واپس گھر جارہا تھا، حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں گھر کے قریب واقع مسجد میں ادا کی گئی۔


نماز جنازہ میں متوفیہ کے اہل خانہ ،عزیز و اقارب، رشتہ دار اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں شریک ہوئے، بعد ازاں خاتون کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

Load Next Story